مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی عالمی معیشت اور پاکستان کے لیے بڑا خطرہ ہے، وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ

وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی جنگ پاکستان سمیت عالمی معیشت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

اسلام آباد۔ 12 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی جنگ پاکستان سمیت عالمی معیشت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران پر حملہ اور قیادت کی شہادت پر پاکستان کا مؤقف اصولی ہے اور ہم اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ اگر یہ جنگ مزید پھیلی تو اس کے براہِ راست اثرات پاکستان کی معیشت اور توانائی کی قیمتوں پر پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ "خلیجِ ہرمز” کی بندش کی صورت میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ امریکہ تیل کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے اپنے ذخائر استعمال کر رہا ہے، لیکن جنگ کی صورت میں صورتحال کسی کے قابو میں نہیں رہے گی۔قیصر احمد شیخ نے مطالبہ کیا کہ روس اور دیگر غیر جانبدار ممالک کو اس تنازع کے حل کے لیے فوری کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں اس جنگ کے پرامن اور منصفانہ حل کی مکمل حمایت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات کی میز پر ہی ممکن ہے، جنگ سے صرف انسانی تکالیف اور معاشی بحران جنم لیتے ہیں۔

 

مزید خبریں
نائب وزیراعظم
پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایات پر فخر ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان تمام انسانی خدمت گاروں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کے لیے خود کو وقف کردیتے ہیں۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمدردی، خدمت اور آفات و دیگر ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر کمزور اور متاثرہ طبقات کی مدد اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایت پر فخر ہے، یہ اقدار ہمارے معاشرے میں گہری جڑیں رکھتی ہیں اور مشکلات کے وقت ہمیشہ ہمارے لوگوں کو متحد کرنے کا باعث بنی ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والی آفات کے حوالے سے ہمارے تجربے نے بارہا پاکستانی عوام کی استقامت، یکجہتی اور جذبۂ تعاون کو ثابت کیا ہے، شہریوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادیوں کی مدد، امداد اور بحالی کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں انسانی خدمت کے لیے سرگرم تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ہمدردی، یکجہتی اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں