مشعال حسین ملک کی آزاد جموں و کشمیر میں جاری صورتحال پر گہری تشویش
مشعال حسین ملک کی آزاد جموں و کشمیر میں جاری صورتحال پر گہری تشویش

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے آزاد جموں و کشمیر (آزاد کشمیر) میں جاری صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ تعطل کا خاتمہ ہو اور ضروری اشیائے خورونوش کی فراہمی بحال کی جا سکے۔
اتوار کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بندش کے باعث خوراک، راشن اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل شدید متاثر ہوئی ہے جس سے عوام خصوصاً غریب اور کمزور طبقات کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محرم الحرام کے مقدس مہینے کے تناظر میں مشعال حسین ملک نے ملکی قیادت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتے ہوئے فوری مداخلت کی جائے اور خطے کے مکینوں کو مزید مشکلات سے بچایا جائے۔انہوں نے خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل بحال کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات پر زور دیتے ہوئے احتجاجی مظاہرین اور جومائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اراکین سے بھی پرامن انداز میں دھرنے ختم کر کے تعمیری مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی۔
مشعال حسین ملک کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کا تحفظ، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کی فلاح و بہبود سب سے اہم ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کشیدگی اور افراتفری سے نکلنے کا واحد راستہ دانشمندی، تحمل اور مکالمہ ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر میں امن، استحکام،باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے فروغ کے ذریعے ہی موجودہ چیلنجز کا حل ممکن ہے اور متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔








