مشعال حسین ملک کی قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد

بھارتی جیل میں بند حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے پاکستان کے80ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد اور قومی ہم آہنگی کے عزم پر زور دیا۔

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):بھارتی جیل میں بند حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے پاکستان کے80ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد اور قومی ہم آہنگی کے عزم پر زور دیا۔

یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’معرکہ حق‘‘ نے پاکستان کے وقار میں مزید اضافہ کیا اور پاکستانی عوام نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔مشعال ملک نے کہا کہ مکہ معاہدہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی طاقت اور اتحاد کی ایک اور اہم مثال ہے۔کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی کوششوں کو آزاد کشمیر میں تقسیم یا بدامنی پھیلا کر کمزور نہیں کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست ہم سب کے لیے ایک بہت اہم دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان کی تخلیق کے لئے دی جانے والی قربانیوں اور ملک کے اتحاد اور تشخص کے تحفظ کی یاد دلانی چاہیے۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونیزیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو بدترین جبر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دکھ کو فراموش نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ایک قوم کے طور پر متحد رہیں اور اپنی قومی شناخت کو کبھی نہ بھولیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جھنڈے تلے ہمیں ایمان اور اتحاد کے اصولوں کو مضبوطی سے تھامنا چاہیے۔مشعال ملک نے قوم بالخصوص نوجوانوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مثبت نقطہ نظر کو برقرار رکھیں اور اپنے مقاصد کے حصول میں پرعزم رہیں۔انہوں نے کہا کہ مثبت ذہنیت رکھیں تاکہ کامیابی آپ کے ساتھ رہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی طاقت اور ترقی کا انحصار اتحاد، ہم آہنگی اور پرامن، مستحکم اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے اجتماعی عزم پر ہے۔