مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد سے رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفدکی ملاقات

اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار عبدالرزاق داﺅد سے رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن (آر ای اے پی) کے وفد نے پیر کو ملاقات کی۔ ملاقات میں آئندہ پانچ سال کے دوران چاول کی برآمدات کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے حوالہ سے مختلف پالیسی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے موجودہ …

اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار عبدالرزاق داﺅد سے رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن (آر ای اے پی) کے وفد نے پیر کو ملاقات کی۔ ملاقات میں آئندہ پانچ سال کے دوران چاول کی برآمدات کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے حوالہ سے مختلف پالیسی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے موجودہ حکومت کی طرف سے روایتی اور غیر روایتی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے حوالہ سے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ چاول زرعی شعبہ کی بڑی فصل ہے جس کی برآمد 2 ارب ڈالر ہے، چاول کی برآمدات کو آئندہ پانچ سال کے دوران 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔ وفد نے برآمدات کو بڑھانے، پیداوار میں اضافہ، واٹر مینجمنٹ، چاول کے ذخائر کو محفوظ بنانے سمیت مختلف تجاویز پیش کیں۔ عبدالرزاق داﺅد نے ایسوسی ایشن کی طرف سے تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ وزارت تجارت اس حوالہ سے مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے وفد سے کہا کہ چاول برآمدات میں اضافہ اور اس کی نئی اقسام کو متعارف کرانے کیلئے کام کیا جائے۔ وزیراعظم کے مشیر نے یقین دلایا کہ چاول کی برآمدات میں اضافہ اور اس شعبہ سے وابستہ افراد کی مشکلات کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور انڈونیشیا میں بھی چاول کی برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں کیونکہ موجودہ حکومت نے نئی منڈیوں کی تلاش اور پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر کھپت کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات کو بلند ترین سطح پر لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات میں اضافہ کیلئے نئی منڈیاں بھی تلاش کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں