آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کی طلب میں ریکارڈ اضافہ

لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کی طلب میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ٹکٹ بیلٹ رجسٹریشن شروع ہونے کے صرف تین روز سے بھی کم وقت میں ایک ملین سے زائد ٹکٹوں کے لیے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔آئی سی سی کے مطابق یکم اکتوبر 2026 کو رجسٹریشن شروع ہونے کے بعد اب تک 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد …

لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کی طلب میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ٹکٹ بیلٹ رجسٹریشن شروع ہونے کے صرف تین روز سے بھی کم وقت میں ایک ملین سے زائد ٹکٹوں کے لیے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔آئی سی سی کے مطابق یکم اکتوبر 2026 کو رجسٹریشن شروع ہونے کے بعد اب تک 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد شائقین ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹر ہو چکے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے مختلف میچز کے لیے 11 لاکھ سے زائد ٹکٹوں کی درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔بھارت اور پاکستان کے درمیان انتہائی متوقع میچ سب سے زیادہ مقبول قرار پایا ہے جس کے لیے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ جنوبی افریقہ اور بھارت کے میچ کے لیے 92 ہزار سے زائد جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے میچ کے لیے 86 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔

7 نومبر کو شیڈول بھارت اے ون اور پاکستان (اے تھری) کے پری سیڈڈ سپر 7 میچ کے لیے بھی تقریبا 78 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ 21 نومبر کو ہونے والے فائنل کے لیے تقریبا 69 ہزار ٹکٹ درخواستیں آ چکی ہیں۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ ٹکٹ بیلٹ کھلنے کے صرف 48 گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت میں ایک ملین سے زائد ٹکٹوں کے لیے درخواستیں موصول ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی عالمی سطح پر کتنی اہمیت اور مقبولیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس اب ثقافتی اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر دنیا بھر کے شائقین کو ایک ساتھ جوڑنے کا ذریعہ بن چکے ہیں۔ورلڈ کپ 2027 جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا اور آئی سی سی کے مطابق تقریبا دو دہائیوں بعد افریقی براعظم میں ایک بڑا آئی سی سی مینز ایونٹ واپس آ رہا ہے۔

ورلڈ کپ 2027 کی لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو قونڈیسہ نگونیا نے کہا کہ ایک ملین سے زائد ٹکٹوں کے لیے درخواستیں عالمی شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کا اظہار ہیں۔ ان کے مطابق جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا دنیا بھر سے آنے والے شائقین کا استقبال کرنے اور ایک یادگار ورلڈ کپ منعقد کرنے کے لیے تیار ہیں۔ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن 21 نومبر کو رات 11 بج کر 59 منٹ (کیٹ) تک جاری رہے گی۔ ٹکٹ بیلٹ میں شرکت مفت ہے اور رجسٹریشن کے وقت کسی قسم کی ادائیگی نہیں کرنا ہوگی۔ہر شخص فی میچ ایک درخواست جمع کرا سکتا ہے، تاہم وہ پورے ٹورنامنٹ کے مختلف میچز کے لیے الگ الگ درخواستیں دے سکتا ہے۔ ٹکٹ بیلٹ پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر نہیں ہوگا، اس لیے رجسٹریشن کے وقت کا کامیابی کے امکانات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

اگر کسی میچ کے لیے ٹکٹوں کی طلب دستیاب نشستوں سے زیادہ ہوئی تو ٹکٹ خریدنے کا موقع قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیا جائے گا۔ کامیاب درخواست گزاروں کو ای میل کے ذریعے ٹکٹ خریدنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ کامیاب اور ناکام دونوں درخواستوں کے بارے میں رجسٹریشن کے دوران فراہم کیے گئے ای میل پتے پر اطلاع دی جائے گی۔شائقین کو واضح کیا گیا ہے کہ ٹکٹ بیلٹ کے مرحلے میں نہ تو کوئی ٹکٹ خریدا جا رہا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی ادائیگی کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں