مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا ایوان بالا میں بیان

177

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت کی کشمیر کے مسئلہ سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ناکام ہوگئی، بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے ثبوت دنیا کو پیش کریں گے۔ کشمیر اور بلوچستان کا کوئی موازنہ نہیں۔ مودی کی پاکستان کو تنہاءکرنے کی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں نہ ہوں گی۔ مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن نہیں آئے گا۔ کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اڑی واقعہ کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔ پیر کو ایوان بالا میں سینیٹر جہانزیب جمالدینی کی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورتحال اور بھارتی وزیراعظم کے حالیہ بیانات کے حوالے سے تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ ایوان بالا کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس بلانے کا چیئرمین کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ اس میں اپنا موقف تفصیل سے بیان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے شر انگیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارت کی کشمیر کے مسئلہ سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ناکام ہوگی۔ بھارت پاکستان میں جو مداخلت کر رہا ہے اس کے ثبوت دنیا کو فراہم کئے جائیں گے۔