اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، محصولات واقتصادی امورڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دوستانہ ماحول فراہم کیا گیا ہے، ملک میں سرمایہ کاری کیلئے فراہم کردہ سازگارماحول سے بزنس مینوں کو بھرپوراستفادہ کرنا چاہئیے، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ کیلئے پاکستان اورامریکا کو یکساں اقدامات کرنا ہوں گے۔یہ بات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے جمعرات کو یہاں پاکستان میں امریکا کے ناظم الامور پال ڈبلیو جونز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں پاکستان اورامریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اوردونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ نے امریکی ناظم الامورکوکلی معیشت کے استحکام اورمعیشت کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ضمن میں پاکستان کی حکومت کی جانب سے کئے جانیوالے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے احیاءنو اور نجی شعبہ اورسرمایہ کاری پر توجہ دینے کی ضرورت پرزوردیا گیا۔وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ پاکستان امریکاکے ساتھ تعلقات کار کی ایک طویل تاریخ رکھتا ہے، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ کیلئے پاکستان اورامریکا کو یکساں اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دوستانہ ماحول فراہم کیا گیاہے اورملک میں سرمایہ کاری کیلئے فراہم کردہ سازگارماحول سے بزنس مینوں کو بھرپوراستفادہ کرنا چاہئیے۔امریکی ناظم الامور نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مشیرخزانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اورتجارتی تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔