اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں فنانس ڈویژن میں منعقدہ اجلاس کے دوران برآمدی شعبہ کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے حوالے سے خصوصی غور کیا گیا کیونکہ ایس ایم ایز کا شعبہ حکومت کی جانب سے بعض سہولیات کے نتیجہ میں برآمدات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد اور علی حبیب کی جانب سے اجلاس کے شرکاءکو ڈیوٹی ڈرا بیکس اور ایکسپورٹ ریبیٹس کے نظام میں بہتری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ برآمد کنندگان کو ڈیوٹی ڈرا بیکس اور ایکسپورٹ ریبیٹس کی بہتر سہولت سے ان کی مالی مشکلات کو کم کیا جا سکے گا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ مختلف مصنوعات کی برآمد پر ریبیٹس کی شرح کا ازسر نو تعین کیا جائے اور سٹیٹ بینک آف پاکستان اس حوالے سے فنڈز مختص کرے تاکہ ریبیٹس کی جلد از جلد واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 26 مختلف شعبوں کو برآمدی میٹریلز فراہم کئے جا سکتے ہیں جس سے ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے وزارت تجارت اور ایف بی آر سمیت کسٹمز کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت برآمدکنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات شفاف اور آسان طریقے سے فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ وہ تمام شراکت داروں سے تفصیلی مشاورت کے بعد مجوزہ تجاویز تیار کریں تاکہ ان کو پالیسی کی شکل دے کر ملک کی برآمدات کے حجم میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزارت خزانہ ہر طرح کی ممکنہ معاونت اور آئندہ بجٹ میں اقدامات کے لئے تیار ہے۔