"مون سون، ممکنہ سیلابی صورتحال اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی تیاری اور رابطہ مؤثر بنایا جا رہا ہے۔” — گیانچند ایسرانی
مشیر وزیراعلی سندھ گیانچند ایسرانی کا صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے ہیڈکوارٹرز کادورہ

مزید خبریں
کراچی۔ 25 جولائی (اے پی پی):مشیر وزیراعلی سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کے ہیڈکوارٹرز کا اچانک دورہ کیا جہاں انہیں مون سون کی تیاریوں، ممکنہ بارشوں، سیلابی صورتحال، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی کارکردگی، دستیاب امدادی سامان اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن شاہ حسین شاہ اور ڈائریکٹر آپریشنز شایان شاہ نے مشیر وزیراعلی گیانچند ایسرانی کو بتایا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تھرپارکر، عمرکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ میرپورخاص، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ اور سکھر ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بھی آئندہ چند روز کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ مون سون کے پیش نظر ڈی واٹرنگ پمپس سے لیس ریسپانس گاڑیاں مکمل طور پر تیار ہیں۔ کراچی ڈویژن کے لیے 10، حیدرآباد اور میرپورخاص ڈویژنز کے لیے 25 جبکہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز کے لیے 15 گاڑیاں مختص کی گئی ہیں جو فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے مختلف مقامات پر تعینات کی جائیں گی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہر گاڑی کے ساتھ تربیت یافتہ آپریٹرز اور تکنیکی عملہ موجود ہوگا جبکہ نشیبی علاقوں کی نشاندہی پہلے ہی کی جا چکی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر گیانچند ایسرانی نے حکم دیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز سے اضلاع میں دستیاب وسائل، امدادی سامان، ممکنہ ضروریات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی استعداد سے متعلق جامع رپورٹس طلب کی جائیں تاکہ بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔ دورے کے دوران مشیر وزیراعلی کو ہیٹ ویو 2026 کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ضلع وار ہیٹ اسٹروک کیسز، ریلیف کیمپس اور طبی سہولیات کی فراہمی کا عمل محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے جاری رہا جبکہ فائر سیفٹی آڈٹ بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔ گوداموں میں موجود کشتیوں، ٹینٹس، کمبلوں، مچھر دانیوں، باڈی بیگز، اسپرے مشینوں، ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر امدادی سامان کے ذخائر کا جائزہ لیتے ہوئے گیانچند ایسرانی نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے کی گائیڈ لائنز کے مطابق مطلوبہ اسٹاک ہر وقت دستیاب رکھا جائے اور امدادی سامان کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ساتھ ہی ساتھ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو فراہم کردہ تمام ریلیف سامان کی اس سر نو جانچ کی جائے اور پچھلے ادوار میں فراہم کیے گئے سامان کا مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل کیا جائے۔ گیانچند ایسرانی نے کہا کہ حکومت سندھ مون سون کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، تمام ادارے مکمل تیاری اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیںاور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔








