مشیل وائی ویسٹ کا ریٹائرمنٹ ختم کر کے یو ایس ویمنز اوپن گالف میں شرکت کا اعلان

کیلیفورنیا۔1اپریل (اے پی پی):امریکا کی نامور گالفر اور سابق یو ایس اوپن چیمپئن مشیل وائی ویسٹ نے رواں سال شیڈول میجر ٹورنامنٹ کے لئے اپنی ریٹائرمنٹ ختم کر کے دوبارہ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق 36 سالہ مشیل وائی ویسٹ ایل پی جی اے ٹور کی 5 مرتبہ کی فاتح ہیں اور انہوں نے اپنی واحد میجر کامیابی …

کیلیفورنیا۔1اپریل (اے پی پی):امریکا کی نامور گالفر اور سابق یو ایس اوپن چیمپئن مشیل وائی ویسٹ نے رواں سال شیڈول میجر ٹورنامنٹ کے لئے اپنی ریٹائرمنٹ ختم کر کے دوبارہ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق 36 سالہ مشیل وائی ویسٹ ایل پی جی اے ٹور کی 5 مرتبہ کی فاتح ہیں اور انہوں نے اپنی واحد میجر کامیابی 2014 میں پائن ہرسٹ کے مقام پر حاصل کی تھی، وہ آخری بار 3 سال قبل یو ایس اوپن میں ہی شریک ہوئی تھیں۔مشیل وائی ویسٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ جون میں کیلیفورنیا کے ریویرا کلب میں ہونے والے یو ایس ویمن اوپن گالف چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے پرجوش ہیں کیونکہ یہ ان کی اہلیت کا آخری سال ہے۔

قوانین کے مطابق یو ایس اوپن جیتنے والے کھلاڑیوں کو اگلے 10 سال تک ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے، تاہم مشیل وائی ویسٹ کی شرکت کی مدت میں زچگی کی چھٹیوں کے باعث 2026 تک 2 سال کی توسیع کر دی گئی تھی۔مشیل وائی ویسٹ نے بہت کم عمری میں شہرت حاصل کی تھی اور وہ 13 سال کی عمر میں یو ایس جی اے چیمپئن شپ جیتنے والی سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئی تھیں، ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ماہرین ان کا موازنہ لیجنڈ گولفر ٹائیگر ووڈز سے کرتے تھے۔دو بچوں کی ماں مشیل وائی ویسٹ نے پیشہ ورانہ گولف کی سخت محنت اور جسمانی مسائل کے باعث 20 سالہ کریئر کے بعد کھیل سے دوری اختیار کر لی تھی، تاہم اب وہ رواں سال کے آخر میں ویمن ٹی جی ایل میں بھی شرکت کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔