قاہرہ۔6جنوری (اے پی پی):مصرنے حج ویزے کے حصول کے لئےمیڈیکل سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا۔ العربیہ اردو کے مطابق مصر کی وزارتِ سیاحت نے پیر کو جاری بیان میں کہا ہے کہ حج پر جانے والے تمام عازمین کےلئے صحت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا نہایت ضروری ہے جو سیاحتی حج ویزا کے اجرا کا بنیادی اور ناگزیر تقاضا ہوگا اور اسی کی بنیاد پر سعودی عرب جا کر فریضہ حج …
مصر نے حج ویزے کے حصول کے لئےمیڈیکل سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا
مزید خبریں
قاہرہ۔6جنوری (اے پی پی):مصرنے حج ویزے کے حصول کے لئےمیڈیکل سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا۔ العربیہ اردو کے مطابق مصر کی وزارتِ سیاحت نے پیر کو جاری بیان میں کہا ہے کہ حج پر جانے والے تمام عازمین کےلئے صحت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا نہایت ضروری ہے جو سیاحتی حج ویزا کے اجرا کا بنیادی اور ناگزیر تقاضا ہوگا اور اسی کی بنیاد پر سعودی عرب جا کر فریضہ حج ادا کیا جا سکے گا۔ وزارت نے کہا کہ اس سرٹیفکیٹ کے حصول کی مکمل پابندی فریضہ حج کی ادائیگی کی اجازت کے لئے بنیادی شرط ہے۔ یہ ضوابط مصری وزیر سیاحت شریف فتحی کی منظوری سے طے کیے گئے ہیں اور سعودی عرب کے متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات سے ہم آہنگ ہیں۔
ادھر ر وزارت کی معاون برائے امورِ سیاحتی کمپنیاں اور حج و عمرہ کی اعلیٰ کمیٹی کی سربراہ سامیہ سامی نے وضاحت کی کہ وزارتِ صحت مصر سے منظور شدہ ہسپتالوں سے جاری کردہ صحت کا سرٹیفکیٹ پیش کئے بغیر ویزا سے متعلق کسی بھی مرحلے کی تکمیل نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایک جامع نظام کا حصہ ہے جس کا مقصد روانگی سے واپسی تک حجاج کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی عرب کے ہم منصب اداروں اور حج سے متعلق وزارتی کمیٹی کے ایگزیکٹو نظام کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ مناسک محفوظ اور منظم ماحول میں ادا کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹریول کمپنیوں اور ایجنسیوں کے چیمبر کے ساتھ رابطہ کر کے انہیں اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ کسی بھی کارروائی سے قبل عازمین کے پاس یہ سرٹیفکیٹ موجود ہونے کی تصدیق کریں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی پلیٹ فارم نسک مسار کے ذریعے بھی اس سرٹیفکیٹ کی منظوری ویزا کے اجرا کے لئے لازمی شرط ہوگی۔ انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ سفر کے وقت یہ سرٹیفکیٹ اپنے ہمراہ رکھیں کیونکہ مملکت کے تمام فضائی اور زمینی داخلی راستوں پر اس کی جانچ اور تصدیق کی جائے گی۔
مصری وزارتِ سیاحت نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ جدہ میں مصری وزارتِ سیاحت اور سعودی وزارتِ حج کے درمیان مشترکہ رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا ہے ،جس میں ایک بڑی مشترکہ آگاہی مہم کے خدوخال طے کیے گئے جس کا ہدف مصری عمرہ زائرین اور عازمین حج ہیں۔ اس مہم کا مقصد مصر سے روانگی سے قبل تنظیمی طریقہ کار سے متعلق آگاہی بڑھانا ہے اور ہدایات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے آسان پیغامات میں منتقل کرنا ہے۔ اس کے ساتھ حرمین شریفین میں بہترین طرزِ عمل اور تفویج کے نظام سے بھی آگاہ کیا جائے گا تاکہ نقل و حرکت میں روانی برقرار رہے۔








