وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کا اقدام غیرقانونی، یکطرفہ اور ناقابلِ قبول تھاجو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
پاکستان کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا ، ڈاکٹر مصدق ملک

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کا اقدام غیرقانونی، یکطرفہ اور ناقابلِ قبول تھاجو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بدھ کویومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پاکستان کی قومی پالیسی کا لازمی حصہ ہے اور پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔ڈاکٹر مصدق ملک نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر میں کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل سےمشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کی قربانیاں آزادی کی جدوجہد کی روشن علامت ہیں۔








