مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات سے متعلق عالمی یونیسکو فورم کا چوتھا ایڈیشن 14 تا 17 ستمبر ریاض میں ہو گا

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں یونیسکو کے مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات سے متعلق عالمی فورم کا چوتھا ایڈیشن 14 سے 17 ستمبر کے دوران منعقد ہو گا۔

ریاض۔8ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں یونیسکو کے مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات سے متعلق عالمی فورم کا چوتھا ایڈیشن 14 سے 17 ستمبر کے دوران منعقد ہو گا۔

العربیہ اردو کے مطابق سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی ”سدايا“ کے سرکاری ترجمان انجینئر سعید الشہرانی نے گزشتہ روز ”العربیہ ڈاٹ نیٹ“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اس فورم کی میزبانی کرنے والا پہلا عرب ملک ہو گا ،اس کا اہتمام سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی ”سدايا“ اور اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم ”یونیسکو“ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ فورم میں میں ماہرین، حکام اور فیصلہ سازوں سمیت 100 سے زائد مقررین شرکت کریں گے۔ فورم میں انسان اور مشین کے درمیان تعلق کے مستقبل، سلامتی، ذمہ داری اور انسانی نگرانی سے متعلق چیلنجز پر 30 سے زائد اجلاسوں اور ورکشاپس کے ذریعے بحث کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فورم میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں پر بحث کی جائے گی، خصوصاً اس تناظر میں کہ اداروں کے اندر ذہین نظاموں کا استعمال بڑھ رہا ہے اور یہ نظام کام کی جگہوں اور حقیقی دنیا کے ماحول میں منتقل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اجلاسوں میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے کام کے طریقہ کار کی تشکیل میں انسان اور مشین کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یہ بھی زیرِ بحث آئے گا کہ انسانوں اور ذہین نظاموں کے درمیان کردار اور ذمہ داریاں کس طرح تقسیم کی جائیں تاکہ انسانی نگرانی، خودمختاری اور جوابدہی برقرار رہے۔ فورم میںPhysical AI کے معروف تصور پر بھی بحث کی جائے گی جس کے ذریعے روبوٹس، مجسم ایجنٹس اور خود مختار نظاموں کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو حقیقی دنیا سے جوڑا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان ایپلی کیشنز کے پھیلائو سے نئے اخلاقی چیلنج پیدا ہو رہے ہیں، جن کا تعلق سلامتی، ذمہ داری، انسانی نگرانی اور ان فیصلوں پر اعتماد سے ہے جو ذہین نظام انسان اور اس کے ماحول کے ساتھ براہِ راست تعامل کے دوران کرتے ہیں۔ فورم میں ہونے والی بحث کا دائرہ تعلیم، کام، صحت اور ثقافت کے مستقبل کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور لسانی تنوع، ذہنی راز داری، عصبی معلومات (Neural Data) اور ماحول اور توانائی تک بھی پھیلے گا۔ فورم میں حکام، ماہرین اور مختلف ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ فورم کا انعقاد مصنوعی ذہانت کی تحقیق اور اخلاقیات کے بین الاقوامی مرکز (ICAIRE ) کے تعاون سے اور سعودی قومی کمیٹی برائے تعلیم، ثقافت اور سائنس کے ساتھ رابطے کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔