مظفرگڑھ ،شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع میں مون سون کے سیزن میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کےلئے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کی

مظفرگڑھ۔ 13 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع میں مون سون کے سیزن میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کےلئے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت توسیع محمد طاہر بھٹی، ڈسٹرکٹ افیسر ڈیزاسٹر مینجمنٹ عرفان سیال ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد یوسف چھینہ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ انہار، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، لائیوسٹاک، سول ڈیفنس، واسا، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، زراعت، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مون سون سیزن کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال، حفاظتی بندوں کی موجودہ حالت، جاری سول ورکس، ریسکیو اور ریلیف کے انتظامات، ہنگامی صورتحال میں اداروں کے باہمی رابطے اور پیشگی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ انہار نے حفاظتی بندوں اور فلڈ پروٹیکشن اسٹرکچرز کی صورتحال اور جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی جبکہ ریسکیو 1122 نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں اور ریسپانس پلان پر پریزنٹیشن پیش کی۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مون سون اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہمہ وقت الرٹ رہیں، حفاظتی انتظامات مکمل رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی