ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے ڈویژنل اور ضلعی سپورٹس افسران نے شرکت کرتے ہوئے انتظامات، رابطہ کاری اور کامیاب انعقاد کے امور کا جائزہ لیا۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب کی زیر صدارت اجلاس

مزید خبریں
لاہور۔13جولائی (اے پی پی):ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت وزیراعلی پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈائریکٹر سپورٹس چاند رپروین سمیت پنجاب بھر کے تمام ڈویژنل اور ضلعی سپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم، ہائر ایجوکیشن، لٹریسی، ٹیوٹا، ہوم، زراعت، انفارمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد طارق قریشی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب یوتھ گیمز صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ ہوگا، جس میں ایک کروڑ ساٹھ لاکھ نوجوانوں کی رجسٹریشن متوقع ہے، جبکہ50 لاکھ نوجوان مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گیمز کے لیے رجسٹریشن پورٹل پی آئی ٹی بی کی ٹیم نے تیار کر لیا ہے اور رجسٹریشن کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا کہ یوتھ گیمز میں مدارس کے طلبہ کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گیمز کے ذریعے سامنے آنے والا ٹیلنٹ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ اجلاس کے دوران ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف اور ان کی ٹیم نے یوتھ پورٹل اور رجسٹریشن کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ محمد طارق قریشی نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب یوتھ گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں، جن میں اسسٹنٹ کمشنر تحصیل، ڈپٹی کمشنر ضلع اور کمشنر ڈویژن بطور کنوینئر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔








