"ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ مستحق افراد کو معاشی طور پر خودکفیل بنانے کے لیے ‘اپنا کھیت اپنا روزگار’ پروگرام ایک انقلابی اقدام ہے، جو پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔”
مظفرگڑھ ،مستحق افراد کو معاشی طور پر خودکفیل بنانے کےلئے”اپنا کھیت اپنا روزگار”پروگرام ایک انقلابی اقدام ہے،ڈپٹی کمشنر
مظفرگڑھ۔ 06 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق بے زمین مستحق افراد کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کےلئے "اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام ایک انقلابی اقدام ہے جس کے ذریعے مستحق خاندانوں کو زرعی زمین اور مالی معاونت فراہم کر کے باعزت روزگار کے مواقع میسر آ رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ان خیالات کا اظہار "اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام کے تحت قرعہ اندازی اور اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری اجمل خان چانڈیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد عمران، اسسٹنٹ کمشنرعلی سمیر ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)طاہر محمود بھٹی اور دیگر متعلقہ افسران، کسانوں اور مستحق افراد نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبوں پر مکمل شفافیت اور میرٹ کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام کا بنیادی مقصد بے زمین افراد کو زرعی شعبے سے وابستہ کر کے انہیں مستقل ذریعہ معاش فراہم کرنا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔تقریب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع مظفرگڑھ میں مجموعی طور پر 1125 درخواستیں موصول ہوئیں۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد مکمل شفافیت کے ساتھ کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 87 مستحق افراد کا انتخاب کیا گیا۔منتخب افراد کو مجموعی طور پر 190 ایکڑ 7 کنال 13 مرلہ اراضی 10 سال کے لیے فی ایکڑ سالانہ 100 روپے کے حساب سے لیز پر فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ ہر ایکڑ کے لیے 50 ہزار روپے مالی معاونت بھی دی جائے گی تاکہ وہ زرعی سرگرمیوں کا آغاز کر کے معاشی طور پر خودمختار بن سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت طاہر محمود بھٹی نے کہا کہ محکمہ زراعت کی طرف سے معاونت فراہم کی جا رہی ہے اور اگلی گندم کی فصل میں بھی بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشی استحکام ہی پائیدار امن کی بنیاد ہے۔ حکومت پنجاب کا "اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام نہ صرف بے زمین افراد کو باعزت روزگار فراہم کرے گا بلکہ نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس عوامی فلاح و بہبود کے تمام حکومتی منصوبوں کے مؤثر نفاذ کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور ایسے منصوبے معاشرے میں خوشحالی، استحکام اور قانون پسندی کے فروغ کا باعث بنیں گے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائر ایجوکیشن اجمل خان چانڈیا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں شروع کیے گئے فلاحی منصوبے عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں اور "اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ اور ایم پی اے اجمل خان چانڈیا نے کامیاب مستحقین میں اسناد تقسیم کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ حکومت پنجاب کے تمام ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری رکھے گی









