معاونِ خصوصی ہارون اختر کی صوبائی وزیر سید عاشق حسین شاہ سے ملاقات، برآمدات اور پالیسی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین شاہ سے ملاقات کی جس میں زرعی اور لائیو سٹاک شعبوں کی ترقی اور وفاق و صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین شاہ سے ملاقات کی جس میں زرعی اور لائیو سٹاک شعبوں کی ترقی اور وفاق و صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم، پنجاب کے صوبائی سیکرٹریز برائے زراعت و لائیو سٹاک اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران پنجاب میں زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں جاری اقدامات، ان کے نتائج اور مستقبل کی حکمت عملیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی تاکہ معیشت کے ان اہم شعبوں کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق حکومت زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کو بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ اور معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک جامع میٹ پالیسی تیار کی گئی ہے جو گوشت کی برآمدات میں اضافے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ صنعت و پیداوار تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد قومی ٹریکٹر پالیسی متعارف کرائے گی۔ اس پالیسی میں زرعی میکانائزیشن، ہارویسٹنگ کے جدید حل اور مقامی سطح پر ٹریکٹر سازی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زراعت میں مشینری کے استعمال کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہارویسٹرز کی مقامی تیاری کے لئے بھی الگ پالیسی تشکیل دی جائے گی۔

معاونِ خصوصی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے زراعت اور لائیو سٹاک کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ زراعت اور لائیو سٹاک موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ صوبائی وزیر سید عاشق حسین شاہ نے بتایا کہ پنجاب میں تقریباً 3 لاکھ مویشی برآمد کے لئے دستیاب ہیں جو ٹریس ایبل اور ویکسینیٹڈ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں 30 ہزار ٹریکٹرز پہلے ہی فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ مزید 20 ہزار جلد فراہم کئے جائیں گے۔ ہارون اختر خان نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت گوشت کی برآمدات کے فروغ اور عالمی منڈیوں سے روابط مضبوط بنانے کے لئے صوبوں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کمرشل اتاشیوں اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کا اجلاس آئندہ ہفتے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر منعقد کیا جائے گا تاکہ برآمدات میں سہولت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔معاونِ خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشاورت ہی پالیسیوں کے کامیاب نفاذ اور زراعت و لائیو سٹاک کے شعبوں میں پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔