معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پوری قوم کورونا وائرس سے اور اپوزیشن نیب سے بچنے کی کوشش کررہی ہے ، ماضی میں چند طاقتور خاندانوں نے اداروں کو یرغمال بنا رکھا تھا تاہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پہلی مرتبہ ادارے آزاد ہو رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں کورونا کے معاملے …

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پوری قوم کورونا وائرس سے اور اپوزیشن نیب سے بچنے کی کوشش کررہی ہے ، ماضی میں چند طاقتور خاندانوں نے اداروں کو یرغمال بنا رکھا تھا تاہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پہلی مرتبہ ادارے آزاد ہو رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں کورونا کے معاملے پر سیاست سے گریز کریں اور ایک قوم بن کر مہلک وباءکا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں، آٹے اور چینی بحران کی انکوائری کمیشن کی رپورٹ آنے پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا جس کے بعد وزیراعظم ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کریں گے، علامہ اقبال ہمارے قومی ہیرو ہیں اور وزیراعظم عمران خان سپاہی بن کر انہی کے نظریے کو آگے لیکر چل رہے ہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور حکومت عوام کو مہلک وباءسے محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کو سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے، اسی طرح عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی حفاظتی تدابیر پر عمل کریں اور وباءپر قابو پانے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اپوزیشن اس وقت کنفیوژن کا شکار ہے، شہباز شریف کہتے ہیں کہ کورونا کی وجہ سے نیب کے سامنے پیش نہیں ہو سکتا اور دوسری جانب ن لیگ کہتی ہے کہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے، اپوزیشن کے بیانات میں تضاد ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئی پی پیز کے سارے معاہدے گزشتہ حکومتوں نے کئے اور ان معاہدوں کی قیمت آنے والی نسلیں بھی ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران ملک کے ضرورت مند لوگ مشکلات کا شکار ہیں، جب بھی عوام کی بات آتی ہے تو اپوزیشن اپنا درد لیکر بیٹھ جاتی ہے، اپوزیشن رہنماﺅں کو چاہیے کہ وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالے یہ قرض اتارو اور ملک سنوارو جیسا فنڈ نہیں ہو گا بلکہ شفاف ہو گا اور تمام تفصیلات عام کی جائیں گی عوام سے کچھ نہیں چھپایا نہیں جائے گا۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ احساس راشن پورٹل تاریخی پروگرام ہے اور حکومت مخیر حضرات کے تعاون سے مستحقین تک اشیائے ضروریہ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی فرد واحد کو فائدہ اور عوام کو نقصان ہوا تو تحقیقات ہونی چاہیے، جس شخص نے قوم اور ملک پر اپنے مفاد کو ترجیح دی تو نیب کو اس کے خلاف تحقیقات کرنے کا استحقاق حاصل ہے اور جس نے بھی کرپشن کی ہے اس کی چیخیں سنائی دیں گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اندر طاقت اور ہمت ہے اور وہ اپنی جماعت کے اندر بھی شفافیت کو یقینی بنانا چاہتی ہے، قوم نے بھی اسی پاکستان کا خواب دیکھا ہوا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے اور وہ بدعنوان عناصر کے خلاف بغیر کسی مداخلت تحقیقات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک میں قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، ماضی میں کبھی کسی حکومت نے اپنی جماعت سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی تحقیقات کیلئے کوئی کمیشن نہیں بنایا، حکومت کو پاکستان کا مفاد سب سے پہلے عزیز ہے، وزیراعظم عمران خان وقتی یا سیاسی فائدے کیلئے نہیں بلکہ ملک کے بہترین مفاد میں فیصلے کرتے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسابقتی کمیشن میں افسران 11، 11 سال سے تعینات ہیں اور یہ ماضی میں طاقتور خاندانوں کو تحفظ فراہم کرتے رہے ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ادارے آزاد اور خود مختار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ہمارے ماتھے کے جھومر ہیں، حکومت ان تمام سرمایہ کوروں اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )سے جڑے منصوبوں کو مکمل تحفظ دے گی۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمیں دوست ممالک سے تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے ہر حد تک جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ بلاجواز حکومت پر تنقید کرتی ہے، ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں سلمان شہباز کو 20 ارب روپے سے زائد سبسڈی دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر ریلیف فورس میں ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں، نوجوانوں نے اس مشکل وقت میں قومی جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کیلئے بلااجرت اپنی خدمات پیش کی ہیں، اپوزیشن ان کے حوصلے پست کرنے سے باز رہے اور خود رضا کار فورس کا حصہ بنے، ہمیں سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ایک قوم بن کر مہلک وباءکو شکست دینی ہے اس لئے اپوزیشن حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف برطانیہ میں محکمہ صحت کی ترجیحات دیکھ کر واپس آئے ہیں کہ شاید انہیں وینٹی لیٹر دستیاب نہ ہو سکے، واپس آ کر بھی وہ ایک کمرے سے عوام کا درد بانٹ رہے ہیں لیکن عوام میں کہیں بھی نظر نہیں آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما محمد زبیر کے درد کا کسی حکیم کے پاس علاج نہیں، انہیں صرف ایک خاندان کا درد ہے جن کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے،ان کی گفتگو سن کر ہمیشہ ہنسی آتی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ علامہ اقبال ہمارے قومی ہیرو ہیں، شایان شان طریقے سے انہیں خراج عقیدت پیش کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے، کوورونا وائرس کے باعث مزار اقبال بند ہے اس لئے تقریبات نہیں ہوئیں، سیالکوٹ کی حد تک علامہ اقبال کے حوالے سے میں نے ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دلایا ہے کہ انہیں جو ذمہ داری دی گئی ہے وہ اسے بخوبی انجام دیں گے، مساجد کمیٹیاں ایس او پیز کی نگرانی کریں گے اور جہاں پر خلاف ورزی کی گئی تو ایکشن لیا جائے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی فیملی کا پہلے ہی کورونا ٹیسٹ ہو چکا ہے اور اب دوبارہ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ہونا چاہیے۔

مزید خبریں