سکیورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور پشین میں مختلف واقعات میں جوابی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
سکیورٹی فورسز کی چاغی اور پشین میں مختلف واقعات میں جوابی کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گرد جہنم واصل

مزید خبریں
راولپنڈی۔1ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور پشین میں مختلف واقعات میں جوابی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب ضلع چاغی کے علاقے نوکچا اور ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس میں پیش آنے والے مختلف واقعات کے دوران سکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ کے بھارتی پراکسیز سے تعلق رکھنے والے 21دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔31 اگست کو ‘فتنہ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے بھتہ خوری کے لئے غیر قانونی چوکی قائم کر کے این-40 کوئٹہ-تفتان ہائی وے پر مسافروں کی پرامن آمد و رفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل ظاہر کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گیارہ دہشت گردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب، ‘فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس میں گھسنے کی کوشش میں ایک مربوط حملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
مزید برآں فرار ہونے والے دہشت گردوں کا بھی سکیورٹی فورسز نے تعاقب کیا اور انہیں مزید جانی نقصان پہنچایا۔کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا جس کا مقصد کسٹمز حکام کو ان کے قانونی فرائض کی ادائیگی سے روکنا اور اس طرح علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کے تسلسل کو ممکن بنانا تھاتاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے چھ بہادر سپوتوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کا رتبہ پایا جن میں دو افسران اور کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کا ایک سرکاری اہلکار شامل تھے۔ نواحی علاقوں میں ‘سینیٹائزیشن آپریشنز’ جاری ہیں تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کا خاتمہ کیا جا سکے اور مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ اہم قومی شاہراہوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ "عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری مسلسل مہم پورے عزم و استقلال کے ساتھ جاری رہے گی۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔







