کراچی۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ آج کے نوجوان 2047ء کے پاکستان کی قیادت کریں گے اور ان میں سے کوئی سرکاری افسر، وزیراعظم یا صدرِ پاکستان بن سکتا ہے، اس لیے نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور اعلیٰ کردار سے آراستہ ہوکر ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری …
تعلیم ہماری میراث، نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں، سید نہال ہاشمی

مزید خبریں
کراچی۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ آج کے نوجوان 2047ء کے پاکستان کی قیادت کریں گے اور ان میں سے کوئی سرکاری افسر، وزیراعظم یا صدرِ پاکستان بن سکتا ہے، اس لیے نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور اعلیٰ کردار سے آراستہ ہوکر ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے MiTE-TMUC کی مشترکہ تقریبِ تقسیمِ اسناد 2026سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو علم، جدید مہارتوں اور اعلیٰ کردار کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ ڈگری کا حصول صرف طالب علم کی کامیابی نہیں بلکہ والدین کے خوابوں کی تعبیر بھی ہے جبکہ اس کامیابی میں اساتذہ کی محنت اور رہنمائی کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور کاروباری جدت سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان کے روشن مستقبل کی تعمیر میں حصہ لینا چاہیے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح جیسا عظیم رہنما دنیا میں نہیں ملتا، انہوں نے بیماری کے باوجود قیامِ پاکستان کے لیے دن رات محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے، جنہوں نے ووٹ کی پرچی پر مہر لگا کر ایک آزاد وطن کے قیام کے حق میں فیصلہ دیا، نوجوانوں کو اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے پاکستان کے جوہری پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس پروگرام کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ بعد میں اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے بھارت کے پانچ جوہری دھماکوں کے مقابلے میں چھ جوہری دھماکے کیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف پنجاب کے بعد سندھ اور اسلام آباد میں بھی دانش اسکول قائم کر رہے ہیں تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع میسر آسکیں، تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایسے اقدامات اہمیت رکھتے ہیں۔گورنر سندھ نے MiTE اور TMUC کی قیادت، بالخصوص ڈاکٹر فیصل مشتاق اور پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی کی تعلیمی خدمات کو سراہا اور بین الاقوامی جامعات کے ساتھ تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب میں یونیورسٹی آف ہرٹفورڈشائر، برطانیہ کے وائس چانسلر پروفیسر انتھونی ووڈمین، یونیورسٹی فار دی کری ایٹو آرٹس کی ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر میلانی گرے، اساتذہ، والدین اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔سید محمد نہال ہاشمی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم اور مہارتوں کو ذاتی کامیابی تک محدود نہ رکھیں بلکہ معاشرے کی بہتری، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا اصل معیار ذاتی ترقی کے ساتھ معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کرنا ہے۔







