ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس میں پبلک لیزان کونسل کے ممبران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال، امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور پولیس و عوام کے مابین روابط کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا
ڈی پی او شانگلہ کا پبلک لیزان کونسل کے ممبران کے ساتھ اجلاس

مزید خبریں
پشاور۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس میں پبلک لیزان کونسل کے ممبران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال، امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور پولیس و عوام کے مابین روابط کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اجلاس میں پبلک لیزان کونسل کے ممبران، ایس ایچ او تھانہ الپوری محمد عارف، آفس سپرنٹنڈنٹ منصور علی، پی اے عمر رحمان اور ریڈر عمر بادشاہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی نے پبلک لیزان کونسل کے ممبران کی خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پبلک لیزان کونسل کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ موجودہ حالات کے پیشِ نظر تمام شہریوں اور کونسل ممبران کی ذمہ داری ہے کہ وہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ شانگلہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور جامع کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں، شیات فروشی سمیت کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا جرم کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی جائے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈی پی او شانگلہ نے مزید کہا کہ علاقے کے رسم و رواج، روایات اور سماجی اقدار کا احترام کیا جائے گا، تاہم کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام معاملات کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شانگلہ پولیس کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہریوں کے ذریعے اب تک 400 سے زائد عوامی مسائل حل کیے جا چکے ہیں، جبکہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ڈی پی او شانگلہ نے 280 شکایات سن کر ان کے ازالے کے لیے بروقت اقدامات کیے ہیں۔ عوامی مسائل کا فوری حل اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈی پی او شانگلہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے مؤثر مہم چلائی جائے تاکہ شہری اپنے حقوق، فرائض اور موجودہ حالات سے متعلق مستند معلومات سے باخبر رہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ من گھڑت خبروں اور افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ معلومات کے حصول کے لیے صرف مستند اور سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔ اجلاس کے دوران پبلک لیزان کونسل کے ممبران نے اپنی تجاویز پیش کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ماضی کی طرح آئندہ بھی شانگلہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور علاقے میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اجلاس کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی، علاقے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔







