پنجاب میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی مالی معاونت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹس کارڈ تیار کرلیا گیا، جس کے پہلے مرحلے میں 300 کھلاڑیوں کو ایک سال کے لیے ماہانہ 50 ہزار، 70 ہزار اور ایک لاکھ روپے تک سکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر ایک ہزار کھلاڑیوں کو سپورٹس کارڈ جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے
پنجاب کے کھلاڑیوں کے لیے بڑی خوشخبری، وزیراعلیٰ سپورٹس کارڈ تیار، 300 کھلاڑیوں کو ماہانہ وظائف ملیں گے

مزید خبریں
لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):پنجاب میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی مالی معاونت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹس کارڈ تیار کرلیا گیا، جس کے پہلے مرحلے میں 300 کھلاڑیوں کو ایک سال کے لیے ماہانہ 50 ہزار، 70 ہزار اور ایک لاکھ روپے تک سکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر ایک ہزار کھلاڑیوں کو سپورٹس کارڈ جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پنجاب سٹیڈیم میں یوتھ افئیرزاینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور بینک آف پنجاب کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن تھے۔ تقریب کے دوران ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور بینک آف پنجاب کے چیف ڈیجیٹل آفیسر نوفل داد نے ایم او یو پر دستخط اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
سیکرٹری سپورٹس نے اس موقع پر کہا کہ آج پنجاب کے کھلاڑیوں کے لیے خوشی کا دن ہے،وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹس کارڈ کے ذریعے صوبے کے بہترین کھلاڑیوں کو سکالرشپس فراہم کی جائیں گی، پہلے مرحلے میں 300 کھلاڑیوں کو ایک سال کے لیے ماہانہ ایک لاکھ، 70 ہزار اور 50 ہزار روپے کی سکالرشپس دی جائیں گی۔
فضل الرحمن نے مزید کہا کہ ہمارا ہدف ایک ہزار کھلاڑیوں کو وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹس کارڈ فراہم کرنا ہے، جس کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جو وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹس کارڈ کے ذریعے اپنے کھلاڑیوں کو سکالرشپس فراہم کر رہا ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، انہیں مالی معاونت فراہم کرنا اور قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی سامنے لانا ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت،ڈائریکٹر یوتھ افئیرزمحمد فہد،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب ظہور احمد، بینک آف پنجاب کے ہیڈ برانچ لیس بینکنگ عدنان سلیم، سینئر منیجر ریلیشن شپ الاف جاوید اور پروڈکشن منیجر ضیغم خان بھی موجود تھے۔
C







