اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے ایس ایم ای کلسٹرز کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او سمیڈا، ایڈیشنل سیکرٹری اسد اسلام مہنی، بورڈ ممبران، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ایس ایم ای کلسٹرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس …
معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت سمیڈا کے ایس ایم ای کلسٹرز کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے ایس ایم ای کلسٹرز کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او سمیڈا، ایڈیشنل سیکرٹری اسد اسلام مہنی، بورڈ ممبران، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ایس ایم ای کلسٹرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ حالیہ ایس ایم ای ایکسپو ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی ہے اور آئندہ بھی کلسٹرز کے لیے باقاعدگی سے نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ تمام ایس ایم ای کلسٹرز کو باہم منسلک کر کے انہیں سہولیات اور کاروباری مواقع فراہم کیے جائیں۔ایس ایم ای کلسٹرز کے نمائندگان نے آئندہ ایکسپو کے حوالے سے اپنی تجاویز اور فیڈبیک پیش کرتے ہوئے کامیاب انعقاد پر حکومت اور سمیڈا کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ نمائندگان کا کہنا تھا کہ نمائشیں سال میں دو سے زائد بار مختلف شہروں میں منعقد کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری اداروں کو نمائش اور برانڈنگ کے مواقع میسر آسکیں۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کا شہد اور زیتون کا تیل عالمی معیار کا حامل ہے اور انہیں بین الاقوامی برانڈ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ’’میڈ اِن پاکستان‘‘مصنوعات کو نمائشوں کے ذریعے اجاگر کیا جائے اور ہر خطے میں ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔اجلاس میں سالٹ مائننگ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جامع منصوبہ سازی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ معاونِ خصوصی نے ہدایت کی کہ سمیڈا تمام کلسٹرز کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھے، مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات تجویز کرے اور جامع رپورٹ پیش کرے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ایس ایم ایز کے لیے بڑا چیلنج ہے جس کا فوری حل ضروری ہے۔ زیتون کے تیل کے کلسٹر کو کسٹمز کی جانب سے درپیش رکاوٹوں کو بھی فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ہارون اختر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیرِاعظم کے وژن کے مطابق ایس ایم ای سیکٹر کو بااختیار بنا کر’’میڈ اِن پاکستان‘‘ مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔








