لاہور۔2ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری معدنیات بابر امان بابر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل مائنز اینڈ منرلز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی مائنز اینڈ منرلز اور سینئرز افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔
سیکرٹری معدنیات نے مختلف محکماتی امور کا جائزہ لیااور موجودہ مالی سال کے اہداف کا جائزہ بھی لیا گیا۔ سیکرٹری معدنیات نے مختلف معدنیات کے خالی بلاکس کی بروقت نیلامی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔سیکرٹری معدنیات نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام نیلامیوں کو جلد از جلد ای آکشن کے طرز پر لایا جائے تاکہ محکمے کے سینئرز افسران معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے تجاویز پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی معدنیات کسی خزانے سے کم نہیں ہیں، اس حوالے سے معدنیات کا شعبہ حکومت پاکستان کے ترجیحی سیکٹرز میں شامل ہے لہذا اس شعبے کی بہتری کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔ سیکرٹری معدنیات نے تمام مائننگ لیزوں کی تفصیل محکمہ کی ویب سائٹ اور آن لائن پورٹل پر دستیاب کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے معدنیات کی غیر قانونی نکاسی کی روک تھام کے لیے ڈسٹرکٹ مائنز اینڈ منرلز کمیٹیوں کو موثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔