معروف فٹ بالرلیونل میسی کی میجر لیگ سوکر میں شاندار کارکردگی، انٹر میامی نے سنسنی خیز مقابلے میں سنسناٹی کو 3-5 سے ہرا دیا

معروف فٹ بالرلیونل میسی کی میجر لیگ سوکر میں شاندار کارکردگی، انٹر میامی نے سنسنی خیز مقابلے میں سنسناٹی کو 3-5 سے ہرا دیا

واشنگٹن۔14مئی (اے پی پی):ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی شاندار کھیل کے بدولت انٹر میامی نے میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس ) کے ایک اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سنسناٹی کو 3-5 گول سے شکست دے دی۔شنہوا کے مطابق لیونل میسی کے 2 گولز اور بہترین حکمتِ عملی کی مدد سے انٹر میامی نے دو بار خسارے میں جانے کے باوجود مقابلہ3 کے مقابلے میں 5گول سے اپنے نام کر لیا۔میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ کھیل کے 24 ویں منٹ میں 8 بار بیلین ڈی اور کا اعزاز جیتنے والے لیونل میسی نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم سنسناٹی نے ہمت نہ ہاری اور پہلے ہاف کے اختتام پر کیون ڈینکی اور دوسرے ہاف کے آغاز میں پاول بوچا کے گولز کی بدولت انٹرمیامی 1-2 گول کی برتری حاصل کر لی۔

میچ کے 58 ویں منٹ میں لیونل میسی نے ایک بار پھر اپنی مہارت کا ثبوت دیا اور روڈریگو ڈی پال کے کراس پر گیند کو گول میں پہنچا کر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔ ابھی یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہی تھی کہ برازیلی مڈ فیلڈر ایونڈر نے ڈی ایریا کے باہر سے ایک زوردار کک بال کو لگائی جو سیدھی گول میں پہنچی اور ایک مرتبہ پھر سنسناٹی نے انٹر میامی کے خلاف 2-3 کی برتری حاصل کرلی

کھیل کے آخری لمحات سنسنی خیز ثابت ہوئے۔ 79 ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی میٹیو سلوٹی نے لیونل میسی کے پاس پر گول کر کے مقابلہ 3-3 گول سے برابر کیا۔ اس کے بعد لیونل میسی کی ایک فری کک کو سنسناٹی کے گول کیپر رومن سیلینٹانو صحیح طرح روک نہ سکے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرمن برٹیرام نے ری باؤنڈ پر گول کر کے انٹر میامی کو 3-4گول کی برتری دلا دی۔ میچ کے اختتامی لمحات میں گول کیپر سیلینٹانو کی ایک غلطی کے باعث گیند ان کے اپنے ہی نیٹ میں جا گری، جس نے انٹر میامی کی جیت پر 3-5گول کی مہر لگا دی۔اس کامیابی کے بعد انٹر میامی 13 میچوں میں 25 پوائنٹس کے ساتھ ایسٹرن کانفرنس میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے، جہاں وہ پہلے نمبر پر موجود نیش وِل سے محض دو پوائنٹس پیچھے ہے۔