مغربی ایشیا کے ساتھ پاکستان کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں نمایاں کمی

State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):مغربی ایشیا کے ممالک کے ساتھ پاکستان کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے،

مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مغربی ایشیا کے ممالک کوپاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر16 فیصدکا اضافہ جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 68 فیصدکی نمایاں کمی ہوئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سعودی عرب، بحرین، کویت، اردن ترکیہ، یواے ای اورمغربی ایشیا کے دیگرممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 901.27 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 16 فیصدزیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو778.14 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ستمبرمیں مغربی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو330.52 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجواگست میں 301.61 ملین ڈالراورگزشتہ سال ستمبرمیں 255.87 ملین ڈالرتھا۔ مالی سال 2023 میں مغربی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو3.028 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر68 فیصدکی نمایاں کی ریکارڈکی گئی ہے، جولائی سے لیکرستمبر2023 تک کی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر3.702 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.213 ارب ڈالرتھا، ستمبرمیں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر1.398 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجواگست میں 1.408 ارب ڈالر اورگزشتہ سال ستمبرمیں 1.564 ارب ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں مغربی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کاحجم 18.88 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔