مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں شہریوں پر اسرائیلی حملے جاری، اقوام متحدہ کا اظہارِ تشویش
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں شہریوں پر اسرائیلی حملے جاری، اقوام متحدہ کا اظہارِ تشویش

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔15اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں شہریوں اور آبادی والے علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے تسلسل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے شعبہ برائے انسانی امور (او سی ایچ اے)نے گزشتہ روز بتایا کہ غزہ کی تمام گورنریٹس میں اسرائیلی فضائی حملوں، گولہ باری، دھماکوں، بحری فائرنگ اور فائرنگ کے متعدد واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں، یہ واقعات خصوصاً نام نہاد ’’یلو لائن‘‘کے مغرب میں پیش آئے۔
اوچا نے واضح کیا کہ شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کا ہر حال میں تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔ادارے کے مطابق اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار غزہ میں سرد اور بارشوں کے موسم کی آمد کے پیش نظر ضروری امدادی سامان پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک روز قبل بھی اضافی ایندھن، پلاسٹک کی ترپالیں، سردیوں کے کپڑے، ادویات اور طبی سامان فراہم کیا گیا، تاہم محدود رسد لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔
اوچا کے شراکت داروں کے مطابق امدادی فنڈز کی کمی اور اسرائیلی پابندیوں کے باعث ضروری سامان کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں شہری تنظیموں پر چھاپوں کے باعث انسانی تحفظ سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر)نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے ایک روز قبل رام اللہ میں فلسطینی سول سوسائٹی کی تنظیموں اور ایک طبی مرکز پر چھاپے مارے، جہاں سے دستاویزات اور آلات ضبط کیے گئے اور متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ فلسطینی شہریوں کی سماجی و شہری سرگرمیوں کے دائرے کو محدود کرنے کی کارروائیاں فوری طور پر بند کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور تحفظ فراہم کرنے والے اہلکاروں کی گرفتاریوں اور تنظیموں پر چھاپوں سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کے کام پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔







