سرینگر ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے اسیران تحریک کے عزم وحوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض انتظامیہ حریت پسندوں کو جھوٹے الزامات میں ملوث کرکے آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت نظربندکر کے ان کے جذبہ حریت کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جیل اور تنگ وتاریک کوٹھریوں میں ہمارے اسیر وہ تاریخ رقم کررہے ہیں جو مستقبل میں ظالموں اور جابروں کے سیاہ چہرے کو نئی نسل کے سامنے عیاںکرے گی اور ان میں جذبہ حریت کو فروغ دے گی۔انہوںنے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کی یہ شب تاریک ختم ہوکر صبح نو طلوع ہوگی۔