اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم ہو رہا ہے وہ دنیا کے سامنے عیاں ہے، پاکستان بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہا ہے، کشمیریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افضل گرو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کشمیری جو ظلم اور تکلیفیں برداشت کر رہے ہیں کمیونیکشن بلیک آئوٹ کے باوجود وہ دنیا کے سامنے عیاں ہوتی جا رہی ہیں، مقبوضہ وادی میں رہنے والے کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان کی قربانیاں ہرگز ضائع نہیں جائیں گی، ان کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان دنیا کو آگاہ کر رہا ہے کہ کسطرح مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے اور کالے قوانین کا سہارا لیکر لوگوں کو مسلسل اٹھارہ ماہ سے ملٹری محاصرے کی کیفیت میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے قومی اور بین الاقوامی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو عالمی برادری کے ضمیر کو جگانے کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، اب عوام الناس تک میڈیا کا پیغام پہنچنا شروع ہو گیا ہے، دنیا میں عام شہری، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور پارلیمینٹریز متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں، حکومتوں کے اپنے مفادات اور ترجیحات ہیں، وزیراعظم عمران خان نے کوٹلی جلسہ میں بھی کہا تھا کہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ حکومتوں کے سامنے مصلحتیں ہوں گی لیکن مسلم ممالک، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے ممالک کشمیریوں کی بات سن رہے ہیں اور بالاخر ایک دن حکومتوں پر بھی دبائو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ چلی اور آئس لینڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور انہیں پل پل کی خبر دی جا رہی ہے، خراب موسم اور مشکل حالات کے باوجود لاپتہ کووپیمائوں کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ہماری کوشش ہے کہ تلاش میں کامیاب ہو جائیں لیکن جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے ہم مایوس اور ناامید ہوتے جا رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بنچ اور بار کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے، وکلاءکو اگر جگہ کی دقت ہے اور انہیں متبادل جگہ چاہیے تو انہیں قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے، توڑ پھوڑ سے کالے کوٹ کی عزت میں اضافہ نہیں ہو گا، سینئر لوگوں کو چاہیے کہ وہ کردار ادا کر کے تنا ئو ختم کریں، عدالتوں کے کام نہ کرنے کی وجہ سے عام شہری متاثر ہو رہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جائے۔