ملازمین کی جانوں کا تحفظ لیسکو کی اولین ترجیح ہے،سی ای او لیسکو

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ ملازمین کی جانوں کا تحفظ لیسکو کی اولین ترجیح ہے

لاہور۔20نومبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ ملازمین کی جانوں کا تحفظ لیسکو کی اولین ترجیح ہے،لائنوں پر کام سے قبل پرمٹ ٹو ورک، فیڈر کی مکمل بندش، ارتھنگ اور لائن کے ڈیڈ ہونے کی تصدیق لازمی کی جائے جبکہ ہیلمٹ، سیفٹی بیلٹ، دستانوں اور دیگر حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیسکو ایسٹرن اور سدرن سرکلز میں منعقدہ سیفٹی سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جی ایم آپریشنز عباس علی اور چیف ہیلتھ اینڈ سیفٹی احمد اختر رحمان بھی موجود تھے۔

ترجمان کے مطابق سی ای او لیسکو کی ہدایات پر سال 2026-27 کو کسٹمر سروسز اینڈ سیفٹی کا سال قرار دیے جانے کے تحت ملازمین کی حفاظت اور سیفٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اس سیمینارز کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹرن سرکل میں سیمینار کی میزبانی ایس ای عمر بلال جبکہ سدرن سرکل میں ایس ای نجم الحسن نے کی۔ دونوں سیمینارز میں متعلقہ سرکلز کے افسران اور فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیسکو کا ہدف زیرو ایکسیڈنٹ ہے، جس کے لیے تمام افسران اور ملازمین سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں اور فیلڈ افسران اپنے عملے کی حفاظت کی خصوصی نگرانی کریں۔ سیمینارز کے اختتام پر سی ای او لیسکو نے افسران اور ملازمین نے حلف لیا کہ وہ دورانِ ڈیوٹی حفاظتی اصولوں پر مکمل عمل کریں گے، حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بناتے ہوئے اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جانوں کا تحفظ کریں گے۔