ملتان میں آتشزدگی کے دو مختلف واقعات میں گھریلو سامان اور کولڈ سٹوریج کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں مقامات پر آگ پر قابو پالیا، واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ریسکیو 1122 کے مطابق پہلا واقعہ ٹاٹے پور روڈ پر موضع لھتڑ میں پیش آیا جہاں ایک گھر کے کمرے میں شارٹ سرکٹ کے باعث …
ملتان میں آتشزدگی کے دو واقعات، ریسکیو نےآگ پر قابو پالیا

مزید خبریں
ملتان۔ 05 ستمبر (اے پی پی):ملتان میں آتشزدگی کے دو مختلف واقعات میں گھریلو سامان اور کولڈ سٹوریج کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں مقامات پر آگ پر قابو پالیا، واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ریسکیو 1122 کے مطابق پہلا واقعہ ٹاٹے پور روڈ پر موضع لھتڑ میں پیش آیا جہاں ایک گھر کے کمرے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گھر میں موجود یو پی ایس میں شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی وجہ بنا۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی دو فائر وہیکلز جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور فائر فائٹنگ آپریشن شروع کردیا۔ آگ کے باعث کمرے میں موجود چارپائیاں، بستر، صوفہ، بیٹری اور دیگر سامان متاثر ہوا جبکہ آگ کی شدت کے باعث کمرے کی کچی چھت بھی گر گئی۔ریسکیو اہلکاروں نے تقریباً پانچ منٹ میں ایکٹو فائر پر قابو پالیا جبکہ کولنگ کے عمل کے بعد 15 منٹ میں آگ پر مکمل قابو پالیا گیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسرے واقعے میں نادر آباد پھاٹک کے قریب انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع کولڈ سٹوریج کے سٹور روم میں آگ بھڑک اٹھی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے، جہاں کولڈ سٹوریج کی پہلی منزل پر واقع سٹوریج روم کی تھرمل پول شیٹس میں آگ لگی ہوئی تھی۔ریسکیو فائر فائٹرز نے فوری طور پر فائر فائٹنگ آپریشن شروع کیا اور تقریباً 10 منٹ میں ایکٹو فائر کو کنٹرول کرلیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق دوسرے واقعے میں بھی کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔







