اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):ملکی برآمدات میں پاکستانی کرنسی کے حساب سے جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں 40.53 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اگست 2022 تک کی مدت میں پاکستانی کرنسی میں ملکی برآمدات کاحجم 1,043,046 ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 40.53 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی کرنسی میں برآمدات کاحجم 742,226 ملین روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔اگست کے مہینہ میں ملکی برآمدات کاحجم 548,326 ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 48.67 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال اگست میں پاکستانی برآمدات کاحجم 368,814 ملین روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔جولائی کے مقابلہ میں اگست میں ملکی برآمدات میں 10.84 فیصد کی نموریکارڈکی گئی۔
اس کے برعکس پاکستانی کرنسی میں درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پر23.75 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔جولائی سے لیکراگست 2022 تک کی مدت میں پاکستانی کرنسی میں درآمدات کاحجم 2,436,754 ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1,969,047 ملین روپے تھا۔اگست کے مہینہ میں ملکی درآمدات کاحجم 1,341,024 ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال اگست میں 1,079,268 ملین روپے تھا،اگست کے مہینہ میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر24.25 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔