وزیراعظم شہبازشریف نےعالمی رہنماوں کے ساتھ ویسٹ منسٹر ایبے میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کی

لندن۔19ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نےپیر کو عالمی رہنماوں اور شاہی خاندانوں کے اراکین کے ساتھ ویسٹ منسٹر ایبے میں آنجہانی ملکہ الزبتھ دوئم کی آخری رسومات میں شرکت کی۔وزیراعظم خصوصی طورپر کوئین الزبتھ کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے لندن پہنچے تھےجو 8 ستمبر کو 96 سال کی عمرمیں وفات پا گئی تھیں۔

دنیابھر سے 500 سے زیادہ ممالک کے نمائندے ملکہ کی آخری رسومات میں شریک ہوئے جن میں امریکا کے صدر جوبائیڈن ، چین کے نائب صدر وانگ کشان ، جاپان کےشہنشاہ ناروہیٹو، اردن کے شاہ عبداللہ ، بیلجیم کے کنگ فلپ اور کوئین میتھلڈےکے ساتھ ساتھ شاہی خاندانوں کے 2ہزار سے زیادہ ارکان نے شرکت کی۔کوئین الزبتھ کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ونڈ سر کیسل میں کنگ جارج ششم میموریل چیپل میں اپنے مرحوم شوہرکے ساتھ شاہی قبرستان میں دفن کیاجائےگا۔

وزیراعظم نے کہاکہ آنجہانی ملکہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے شہریوں کی نسلوں کےلئے طاقت کاذریعہ تھیں،پاکستان کےعوام ملکہ الزبتھ کے پاکستان کے 2 دوروں کو یاد رکھیں گے،پاکستانی عوام اور برطانوی شاہی خاندان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔