اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ملکی بندرگاہوں کی آپریشنل کارکردگی بڑھانے کیلئے پورٹس کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی گئی ہے،وزارت بحری امور بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سمندری اور بندرگاہ کے قوانین کو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے،12 ارب روپے کےگڈانی پراجیکٹ کا مقصد ایک ماحولیاتی طور پر مناسب جہاز ری سائیکلنگ کی سہولت پیدا کرنا ہے جو گرین شپنگ کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے7ویں میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ میں تمام شرکاء کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے شرکا ء کے سامنے اہم اقدامات اور سٹریٹجک منصوبوں پر روشنی ڈالی جن کا مقصد پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کو آگے بڑھانا ہے۔ورکشاپ میں پاک بحریہ کے نامور حکام، صحافیوں، اراکین پارلیمنٹ، کاروباری برادری کے ارکان اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ ساتویں میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کے وفد کی قیادت ریئر ایڈمرل اظہر محمود، کمانڈر سنٹرل پنجاب کر رہے تھے جس نے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور بحری شعبے میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں وفاقی وزیر نے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور ملک کے معاشی مستقبل کی تشکیل میں اس کے اہم کردار پر زور دیا۔
انہوں نے میری ٹائم ڈومین کے اندر موجود چیلنجوں اور مواقع کو تسلیم کیا اور علاقائی تعاون کو بڑھانے اور عالمی تجارت کے لئے محفوظ اور پائیدار سمندری روٹس کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا بحری شعبہ خاص طور پر بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبوں اور پالیسی اصلاحات کے ذریعے ملک کی اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بین الاقوامی تجارتی رابطوں میں نمایاں کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔قیصر احمد شیخ نے بندرگاہوں کی کارکردگی اور لاجسٹک انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی کوششوں پر مزید تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کراچی اور گوادر کے درمیان جاری ریل اور روڈ کنکٹیویٹی اپ گریڈیشن پر زور دیا جو کہ اندرونی رابطوں کو بڑھانے اور بغیر کسی رکاوٹ کے تجارت کی حمایت کے لئے اہم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ12 ارب روپے کےگڈانی پراجیکٹ کا مقصد ایک ماحولیاتی طور پر مناسب جہاز ری سائیکلنگ کی سہولت پیدا کرنا ہے جو گرین شپنگ کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
وفاقی وزارت بحری امور بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سمندری اور بندرگاہ کے قوانین کو بہتر بنانے پر بھی کام کر رہی ہے۔ مزید برآں ملک کی بندرگاہوں میں آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے کے لئے ایک پورٹس کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پاکستان کی جہاز رانی کی صنعت کو مضبوط کرنے کے لئے سرکاری حصص کی کمی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کو متعارف کرانے کے ذریعے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں نجی شعبے کے بڑھتے ہوئے کردار پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ اقدامات پاکستان کو عالمی سمندری تجارتی نیٹ ورک میں ایک کلیدی کھلاڑی کے طور پر جگہ دیں گے، قومی اقتصادی ترقی کی حمایت اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیں گے۔