مینز انڈر19 ایشیا کپ کل سے شروع ہوگا

دبئی۔28نومبر (اے پی پی):اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیاکپ کا آغازکل جمعہ سے ہو گا، ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شامل ہیں۔پچاس اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ میں گروپ اے کے میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونگے جبکہ گروپ بی کے میچزشارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، جاپان اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ افغانستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کو …

دبئی۔28نومبر (اے پی پی):اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیاکپ کا آغازکل جمعہ سے ہو گا، ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شامل ہیں۔پچاس اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ میں گروپ اے کے میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونگے جبکہ گروپ بی کے میچزشارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، جاپان اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ افغانستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں 6 دسمبر کو شیڈول سیمی فائنل کھیلیں گی جبکہ فائنل 8 دسمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10دس بجے شروع ہونگے۔

سعد بیگ کی قیادت میں پاکستان 30 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں اپنا افتتاحی میچ بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان اسی سٹیڈیم میں 2 اور 4 دسمبر کو متحدہ عرب امارات اور جاپان کے خلاف کھیلے گا۔ 15 رکنی سکواڈ میں سے چار کھلاڑیوں محمد ریاض اللہ، سعد بیگ، شاہ زیب خان اور طیب عارف نے دسمبر 2023 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے آخری ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کررکھی ہے۔پاکستان کی ٹیم سہ ملکی ٹورنامنٹ افغانستان اور یو اے ای کے ساتھ اس وینیو پر کھیل چکی ہے ، فائنل میں افغانستان کے خلاف پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا،شازیب خان نے پانچ میچز میں 330 رنز بنائے جبکہ عثمان خان نے پانچ میچز میں 314 رنز بنائے،اسی طرح عبدالسبحان اور علی رضا نے نو نو وکٹیں حاصل کیں۔

سعد بیگ نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہم ابھی کچھ ہفتوں سے دبئی میں ہیں اور سہ فریقی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اگرچہ ہم فائنل نہیں جیت سکے لیکن کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا بہترین موقع ملااور اب ہم ایشیا کپ کے لیے تیار ہیں۔کوچنگ اسٹاف ہماری رہنمائی کے لیے موجود ہے اور کھلاڑی اپنی بہترین کوششیں کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ ہم سب اس ٹورنامنٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور ہر کوئی موقع ملنے پر اپنا بہترین کھیل پیش کرتا ہے۔

ٹورنامنٹ کی تمام ٹیمیں مضبوط ہیں اور ہم جانتے ہیں یہاں اچھے مقابلے ہونگے۔ اے سی سی ایشیا کپ کے لیے پاکستان انڈر 19 سکواڈ میں سعد بیگ (کپتان، وکٹ کیپر) (کراچی)، عبدالسبحان (ایبٹ آباد)، احمد حسین (پشاور)، علی رضا (سیالکوٹ)، فہام الحق (لاہور)، فرحان یوسف (لاہور)، ہارون ارشد (کراچی) ، محمد احمد (لاہور)، محمد حذیفہ (بہاولپور)، محمد ریاض اللہ (ایبٹ آباد)، نوید احمد خان (کراچی)، شاہ زیب خان (ایبٹ آباد)، طیب عارف (سیالکوٹ)، عمر زیب (ایبٹ آباد) اور عثمان خان (فاٹا) شامل ہے۔30نومبر کو پاکستان بمقابلہ بھارت ،2 دسمبر کو پاکستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات اور 4دسمبر کو پاکستان بمقابلہ جاپان میچ ہوگا۔