ملتان۔ 04 دسمبر (اے پی پی):گورنرپنجاب انجینئرمحمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اورخوشحالی میں خواتین کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے،طالبات پاکستان کا بہت اہم اثاثہ ہیں،خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اعلی ومعیاری تعلیم بہترین ذریعہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں وومن یونیورسٹی ملتان کے چھٹے کانووکیشن سے بطورچانسلر ومہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ تحقیق کے لیے یونیورسٹیاں جانی جاتی ہیں،ویمن یونیورسٹی ملتان نے بہترین تحقیق کی ہے،چاپان نے ترقی اس لیے کی کہ وہ بہترسے بہترین تحقیق کی طرف جارہے ہیں،ہمیں دنیا میں ہونے والی ایجادات سے سیکھنا چاہیے ،ایجادات سے راہ فراراختیار نہ کریں، طلباء نئے علوم و فنون میں مہارت اورجدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ترقی کے سفر میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں،انسانیت کی خدمت اوراعلی کردارانسان کے کامیاب مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن آ رہے ہیں،انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال ہمارے فرائض میں شامل ہے،حقائق اوراعداد وشمارکو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کی قیادت کا انتخاب کرنا سب کی ذمہ داری ہے، ہر انسان کے خیالات مختلف ہیں،تحقیق کریں اور پھر دیکھیں کون اچھا ہے دوسروں کی رائے کا احترام کریں اور نفرتوں کا تدارک کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن )نے ماضی میں اپنے دوراقتدارمیں تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کے قیام میں مثالی اقدامات کئے، 2013ء میں مسلم لیگ (ن) لیگ کی حکومت نے تعلیمی بجٹ 34 ارب سے بڑھا کر 120 ارب کیا جبکہ بعد میں تحریک انصاف کی حکومت نے اس میں کمی کر کے 60 ارب کردیا،مسلم لیگ ن نے ہمیشہ طلباء کے لئے جدید تعلیم کے حصول میں معاون رہی،80 فی صد خواتین یونیورسٹیاں مسلم لیگ ن کے دورحکومت میں بنیں، لیب ٹاپ کی فراہمی، صحت کی مثالی سہولتیں اورذرائع نقل حمل کے لئے بہترین روڈز جیسے منصوبے پیش کیے،اگر آپ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کرپٹ کون ہے کس دور میں زیادہ کرپشن ہوئی تو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی تحقیق کو دیکھیں آپ کو پتہ چل جائے گا کہ کس کے دور میں کرپشن ہوئی۔
انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا کہ ہمیں کسی کی دل آزاری نہیں کرنی چاہیے، باداب بانصیب ہوتا ہے، فلاح کے کاموں میں پاکستان سب سے آگے ہے،کون کہتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں سارے چورڈاکو ہیں،امریکہ میں تحقیق کی گئی کہ کون سے کمپنی نے ترقی کی تو پتہ چلا انسانیت کے فلاح کے جزبے والی کمپنیوں نے بہت ترقی کی۔گورنرپنجاب نے کہا کہ کردارکی تعمیر بہت ضروری ہے،جھوٹ سے وقتی کامیابی تومل سکتی ہے لیکن مستقل کامیابی سچائی سے ہی ملتی ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے خواتین یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کی 55 طالبات میں طلائی تمغے(گولڈ میڈل) تقسیم کیے،26 پی ایچ ڈی سکالرزسمیت خواتین یونیورسٹی کی ایک ہزار 663 طالبات کو ڈگریاں ایوارڈ کیں۔
اس دوران گورنر پنجاب کوسونئیر بھی پیش کیا گیا۔قبل ازیں چانسلر وگورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ویمن یونیورسٹی ملتان متی تل کیمپس میں "ڈیجیٹل حب” کا سنگ بنیاد رکھا۔ وائس چانسلر خواتین یونیورسٹی ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ارب 50 کروڑ روپے مالیت کے ڈیجیٹل حب منصوبے کی تکمیل سے خواتین یونیورسٹی ملتان کا شعبہ ماس کیمونیکشن جدید ترین ٹیکنالوجی، سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت اورعصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہوجائے گا، ڈیجیٹل حب پراجیکٹ ساڑھے 45 ہزارسکوائر فٹ ایریا ہرتعمیرکیا جائے گا،اس پراجیکٹ میں شعبہ ماس کمیونیکشن کے لئے مکمل ڈیپارٹمنٹ،سیمینار ہال ،آڈیٹوریم، میڈیا سے جڑی عصری سہولیات، جدید ترین آئی ٹی لیب، ٹی وی سٹوڈیوز، ریڈیو سٹوڈیوز، کلاس رومز، آفیسرز کےلئےکمرے، چیئرپرسن کےلئے دفتر اورٹریننگ ہال بھی تعمیر کیا جائے گا۔