ملکی تعمیر و ترقی کیلئے اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، کرسمس کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں ،عطا اللہ تارڑ

92

لاہور۔22دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لیے اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ،پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ و تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں، مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ اتوار کو اپنے حلقہ میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لیے اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا

پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ و تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیحی ہمارے بھائی ہیں، ان کی خوشی ہماری خوشی ہے،ہم کرسمس کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مل جل کر پورا ہفتہ مسیحی بھائیوں کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں منائیں گے اور گرجا گھروں پر خصوصی چراغاں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے حلقے سے 70 ہزار مسیحی برادری کے ووٹ لے کر اسمبلی پہنچا ہوں

مجھے ووٹ دے کر آپ نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا مسیحی بھائیوں سے کئے گئے وعدے یاد ہیں، جلد ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے مسیحی برادری کے علاقوں میں گرجا گھروں کی تعمیر، مرمت اور تزئین و آرائش کی یقین دہانی کروائی۔بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات نے کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔