ملکی سلامتی کے معاملہ پر پوری قوم متحد ہے، قانون میں جو سقم تھا اسے دور کیا جا رہا ہے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 3 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اہم قومی سلامتی کے مسئلہ پر قانون سازی کا عمل شروع ہوا ہے وہ ملک کی سلامتی کا معاملہ ہے جس پر پوری قوم متحد ہے ،آئینی لحاظ سے قانون میں جو سقم تھا اسے دور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے دشمنوں کو …

اسلام آباد ۔ 3 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اہم قومی سلامتی کے مسئلہ پر قانون سازی کا عمل شروع ہوا ہے وہ ملک کی سلامتی کا معاملہ ہے جس پر پوری قوم متحد ہے ،آئینی لحاظ سے قانون میں جو سقم تھا اسے دور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے دشمنوں کو معلوم ہونا چاہیے قوم اپنی مسلح ا فواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سویلین بالا دستی کی جانب اہم پیش رفت ہے اگر قیادت میں وژن اوربصیرت ہوتو ملکی تقدیر بدل سکتی ہے، سرحدوں اور خطے کی صورتحال کشیدہ ہے اس صورتحال میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے قومی مفاد میں سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور اپنی افواج کو تقویت دی ہے جس طرح سیاسی قیادت نے دانش مندی اور سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا وہ لائق تحسین ہے، وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت ادارے متحد رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس کے پاس ذمہ داری ہے اختیار بھی اسی کے پاس ہونا چاہیے، پارلیمنٹ نے جمہوری عمل کو اتھارٹی سے اگے بڑھایا ہے اور جس انداز سے اتھارٹی کو یکجا کرنے کی مثال قائم کرنے جا رہی ہے اس سے ملکی دفاع کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیر اعظم نے اپنی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے عوام کو جوابدہ ہوتے ہیں ۔جوابدہی کے عمل کو مضبوط بنا کر عوام کے سامنے سرخرو ہو سکتے ہیں۔ پارلیمنٹ کی بالادستی جموریت کی حقیقی تصویر ہے جو اداروں کو تقویت دیتی ہے ، پارلمنٹ ہی ملکی اداروں کو تحفظ دیتی ہے۔ انہوں نے کہاگورننس اور دفاع کی ذمہ داریاں وزیر اعظم کی ہیں جمہوری عمل کا آغاز ہوا ہے۔ دفاعی کمیٹی کو بل بھجوایا گیا ہے اس کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی شامل ہے جو ملک کی مفاد میں فیصلہ کریں گے جس سے پارلیمنٹ کے اندر سے ملکی یکجہتی کی آواز اٹھے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ووٹ کو عزت اپنے عمل سے دینی ہے، الفاظ سے نہیں ہم نے اپنے عمل سے ثابت کرنا ہے کہ جس ووٹر نے ہمیں پرچی کے ذریعے پارلیمنٹ کے اندر بھیجا ہے ان کی ووٹ کے ساتھ جڑی ضروریات کو پورا کیا جائے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ دیر آید درست آید سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔ میڈیا بھی اس میں اہم کردار ادا کرے ۔مخالفت برائے مخالفت کی سیاست کو ختم ہو نا چاہیے ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ نیب ترامیم پارلیمنٹ میں آئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قانون سازی عوام کی بہتری کے لئے ہوتی ہے شخصیات کیلئے نہیں۔ پارلیمنٹ کے اندر ہر جماعت کا رکن ملکی مفاد کو ترجیح دیتا ہے انہوں نے کہاکہ آرمی ایکٹ بل میں تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں حکومت کی اکثریت نہیں لیکن ہم نے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے جن ایشوز پر اتفاق ہوا ہے وہ حتمی ہیں ۔