لاہور۔14فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو چکی ہے، پرائیوٹ سیکٹر کو لیڈ کرنا ہوگا،حکومت تاجر برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایف پی سی سی آئی لاہور میں پاکستان اکنامک گروتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ …
ملکی معیشت درست سمت میں گامزن،پرائیوٹ سیکٹر کو لیڈ کرنا ہوگا، تاجر برادری کو ہر ممکن سہولت دیں گے، وزیر خزانہ

مزید خبریں
لاہور۔14فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو چکی ہے، پرائیوٹ سیکٹر کو لیڈ کرنا ہوگا،حکومت تاجر برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایف پی سی سی آئی لاہور میں پاکستان اکنامک گروتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کو اس بات پر پختہ یقین ہے،جیسا کہ وزیراعظم شہباز شریف بھی کہتے ہیں، کہ پرائیوٹ سیکٹر کو آگے آنا ہوگا اور حکومت اپنی استطاعت کے مطابق تمام وسائل اور سہولیات فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومت پر تنقید ضرور کرے کیونکہ تعمیری تنقید کو مثبت انداز میں لیا جاتا ہے، تاہم مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل بھی پیش کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سپر ٹیکس کا جائزہ لیا اور دیکھا جائے گا کہ اسے قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت کیسے دی جا سکتی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں اپنے معاشی حالات کا خطے کے دیگر ممالک سے موازنہ کرنا چاہیے،تاہم موسمیاتی تبدیلی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی بھی بڑے چیلنجز ہیں۔انہوں نے کہا کہ آبادی میں تیز رفتار اضافہ مستقبل میں مسائل پیدا کر سکتا ہے، اس سلسلے میں صنعتی شعبے کے قائدین کو حکومت کی معاونت کرنی چاہیے کیونکہ ان کی آواز سنی جاتی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں سیمنٹ کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، تعمیراتی سرگرمیاں شروع اور معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب کے مقابلے میں 2025 کا سیلاب زیادہ شدید تھا، تاہم اس بار حکومت نے عالمی برادری سے امداد کی اپیل نہیں کی کیونکہ ملک کے پاس اپنے وسائل موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں معیشت مشکل حالات سے گزر رہی تھی اور درآمدات کے لیے ترجیحات مقرر کرنا پڑی تھیں، تاہم اب صورتحال مختلف اور معیشت پہلے کے مقابلے میں بہتر پوزیشن میں ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی نظم و ضبط کے لیے مشکل مگر ضروری فیصلے کیے گئے ہیں جن کے ثمرات اب سامنے آ رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی میں کمی آئی اور پالیسی ریٹ کم ہونے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ بھی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کر رہا ہے جبکہ عالمی اداروں کا بھی ملکی معیشت پر اعتماد بحال ہو رہا ہے ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت شفافیت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے محصولات میں اضافہ اور نظام مزید شفاف ہوگا، ٹیکس نیٹ بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔








