ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

301

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ جمعہ کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، جگہ جگہ درود و سلام کی صدائیں گونجتی رہیں، وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ بالخصوص ملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائوں جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا ۔ وفاقی دارالحکومت میں عید میلاد النبی کا جلوس ستارہ مارکیٹ (جی سیون) سے صبح 11 بجے شروع ہوا اور مختلف راستوں سے گذرنے کے بعد آب پارہ مارکیٹ میں حضرت سخی محمود ؒکے مزار کے قریب اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوس کی نگرانی کے لئے تقریباً ایک ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جن میں کیو آر ایف، اے ٹی ایس، سی ٹی ایف اور پولیس کمانڈوز شامل تھے جبکہ رینجرز، سی آئی ڈی اور سپیشل برانچ پولیس کی خصوصی ٹیموں نے ان کی معاونت کی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جلوس کے تمام داخلی مقامات پر واک تھرو گیٹس سے شرکاءکو چیک کرنے کے لئے میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کئے گئے۔ جلوسوں کے اوقات کے دوران ٹریفک کے متبادل راستوں کے لئے بھی انتظام کیا گیا اور ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے فرائض سرانجام دیئے۔ راولپنڈی میں عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ سے شروع ہوا جو مری روڈ سے ہوتا ہوا کمیٹی چوک اور پھر کمیٹی چوک سے اقبال روڈ فوارہ چوک سے جامع مسجد روڈ پر ہی اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کا افتتاح پیر نقیب الرحمان نے کیا جس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پشاور میں عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس جی ٹی روڈ سے برآمد ہوا اور میلاد ہائوس گلبہار میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر حضور نبی اکرمؐ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کیک بھی کاٹا گیا۔ ملتان سے عید میلاد النبی کے 64 جلوس برآمد ہوئے جو مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوئے۔ اس موقع پر دو ہزار کے قریب سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ ملتان میں 200 من حلیم بھی تیار کی گئی۔ لاہور میں عید میلاد النبیﷺ کا جلوس ریلوے اسٹیشن سے برآمد ہوا جس میں سے 282 جلوس شامل ہوئے اور یہ ایک بڑے جلوس کی شکل اختیار کرگیا۔ یہ جلوس داتا دربار میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ جلوس کے موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ اسی طرح سرگودھا ، خوشاب، نارنگ منڈی، منڈی بہائو الدین، فیصل آباد، پڈ عیدن، مظفر گڑھ، ملتان، بہائولنگر، جھنگ، سیالکوٹ، ٹھٹھہ، روہڑی، خانپور، شکارپور، مٹھی، کنڈیارو، بدین، حیدر آباد، جامشورو سمیت ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوئے۔ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات کے تحت اسلام آباد، کراچی اور پشاور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے عید میلاد النبی کے موقع پر صوبہ بھر کے تمام اضلاع کو سیکورٹی گائیڈ لائنز جاری کی تھیں اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کوعید میلاد النبی پر فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کنٹرول روم عید میلاد النبیﷺ کے جلوسوں کی مانیٹرنگ پر مامور رہا۔ عید میلادالنبیﷺ پر کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی گئی تھی اور محافل اور تقاریب میں ماسک کے استعمال اورسماجی فاصلہ کے قیام کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔ حکومت کی طرف سے رحمت اللعالمین کانفرنس بھی منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر شخصیات نے خطاب کیا۔ وفاقی دارالحکومت میں کل پاکستان مقابلہ نعت خوانی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کے اعزاز میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس سے وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اکرم درانی نے خطاب کیا اور طلبہ میں انعامات تقسیم کئے۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر تعلیمی اداروں اور پبلک ہالز میں سیرت النبیﷺ کے حوالے سے مختلف تقریبات کا بھی انعقاد ہوا۔ پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو پاکستان اور دیگر نجی ٹی وی چینلز سے ربیع الاول کی مناسبت سے خصوصی پروگرام نشر کئے گئے۔