ملک بھر میں 7 روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 13 اپریل سے ہو گا جو 19 اپریل تک جاری رہے گی جس کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے
ملک بھر میں 7روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 13 پریل سے ہو گا،این ای او سی

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):ملک بھر میں 7 روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 13 اپریل سے ہو گا جو 19 اپریل تک جاری رہے گی جس کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ( این ای او سی) کے مطابق مہم کے دوران بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ اس قومی مہم میں تقریباً 4 لاکھ 13 ہزار پولیو ورکرز حصہ لیں گے۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد، سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد اور بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد جبکہ آزاد کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔این ای او سی نے کہا ہے کہ قوم کے مستقبل کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنانا ہر فرد کی قومی ذمہ داری ہے۔ ادارے نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، اپنے گھروں کے دروازے کھولیں اور بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔مزید برآں، والدین پر زور دیا گیا ہے کہ پیدائش سے 15 ماہ تک کے تمام بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس بروقت مکمل کروائیں تاکہ انہیں مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔








