ملک بھر کی طر ح شہر قائد میں بھی یوم دفاع قومی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا گیا

کراچی۔6 ستمبر(اے پی پی) ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی اتوار کو یوم دفاع پاکستان قومی جو ش و جذبہ کے ساتھ منایاگیا ۔ 1965 میں مسلح افواج اور عوام نے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادیا تھا ۔ پاکستان میں ہرسال 6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان قومی جوش و جذبہ سے منایا جاتا ہے ۔ …

کراچی۔6 ستمبر(اے پی پی) ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی اتوار کو یوم دفاع پاکستان قومی جو ش و جذبہ کے ساتھ منایاگیا ۔ 1965 میں مسلح افواج اور عوام نے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادیا تھا ۔ پاکستان میں ہرسال 6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان قومی جوش و جذبہ سے منایا جاتا ہے ۔ اس دن جنگ کے شہداءکو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے ۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔ پاک فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ۔ فرائض سنبھالنے والے گارڈز 3خواتین سمیت 46 کیڈٹس پر مشتمل ہے۔ایئر وائس مارشل شکیل غضنفرستارہ امتیاز(ملٹری) تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ مہمان خصوصی نے فاتحہ خوانی کی اور مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ یوم دفاع پاکستان کے مناسبت سے پاکستان کوسٹ گارڈز (پی سی جی ) کے زیرِ اہتمام مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں پرچم کشائی، کھیل، آرٹ اور فیسٹیول کے مقابلے شامل تھے ۔یوم د فاع کے حو الے سے پاکستان کوسٹ گارڈز میرین ونگ کیماڑی کے زیر اہتمام منوڑہ سے لیکر کیماڑی تک کشتی رانی ریس کا بھی انعقاد کیاگیا۔ منوڑہ سے شروع ہونے والی ریس میں 20کشتیوں نے حصہ لیا، مقابلے میں بہت جوش و خروش دیکھنے کو ملا، پاکستانی جھنڈے اٹھائے ہوئے مقابلے میں شریک ماہی گیروں نے پاک افواج اور ملکی یکجہتی کے لئے بھر پور نعرے لگائے اور شرکا سے خوب داد سمیٹی۔ ہر ماہی گیر کی کوشش تھی کہ وہ اس ریس کو جیتے۔ کشتی رانی کی پہلی پوزشن لینے والے ماہی گیر النور – شہزاد، دوسری پوزیشن الکاشف – عمران جبکہ تیسری پوزشن البرق – اویس نے حاصل کی ۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کشتی رانی مقابلے کے مہمان خصوصی ڈائیریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیرثاقب قمر نے مقابلے میں پوزیشن لینے والے ماہی گیروں میں نقد انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ آخر میں مقابلے میں حصہ لینے والے ما ہی گیروں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ مقابلے کا مقصد جذبہ حب الوطنی اور قومی سلامتی کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ انہو ں نے مزید کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی جس سے پاکستان کوسٹ گارڈز اور ماہی گیروں کے درمیان محبت اور حب الوطنی کی روایت قائم و دائم رہے گی۔ یوم دفاع کے حوالے سے کراچی ریس کورس میں” دی ڈیفنس ڈے کپ“ کے نام سے گھوڑوں کی ریس منعقد ہوئی ۔ گورنر سندھ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ اس موقع پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رکن اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے صدر، صدر الدین شاہ راشدی، گورنر سندھ کے مشیر علی جونیجو اور رکن صوبائی اسمبلی علی عزیز بھی موجود تھے۔ گورنرسندھ نے ریس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے سوشل میں میڈیا پر بھی 1965 کے شہداءکی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔