اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اے پی پی) پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے مستحق نادار افراد کی فلاح و بہبود، علاج معالجہ کی سہولیات تک سہل رسائی اور سرکاری شعبہ کی جامعات کے مستحق طلباء کو تعلیمی وظائف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اے پی پی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت …
ایم ڈی پاکستان بیت المال کے عون عباس بپی کی اے پی پی سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اے پی پی) پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے مستحق نادار افراد کی فلاح و بہبود، علاج معالجہ کی سہولیات تک سہل رسائی اور سرکاری شعبہ کی جامعات کے مستحق طلباء کو تعلیمی وظائف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اے پی پی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال کو وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ڈھالنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور انہوں نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال تربت سے ہنزہ تک سرکاری شعبہ کی 80 جامعات کے مستحق اور قابل طلباء کو تعلیمی وظائف کے حوالے سے اقدامات کئے گئے ہیں، سرکاری شعبہ کی 40 یونیورسٹیوں کے ساتھ ایم او یو پر دستخط ہوچکے ہیں جس کے تحت مستحق اورر قابل طلباء کے لئے ایک لاکھ روپے تک تعلیمی وظائف پاکستان بیت المال فراہم کرے گا اور طالبات کو 50 فیصد وظائف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پاکستان بیت المال نے رواں مالی سال کے دوران 2633 طلبہ و طالبات کو تعلیمی اعانت فراہم کر چکا ہے اور 18 ہزار 375 طلباء و طالبات کو تعلیمی وظیفے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ برس 47 ہزار طلباء کو تعلیمی وظائف اور 40 ہزار سے زائد طلبہ کو تعلیمی اعانت فراہم کی گئی تھی۔









