ہاتھوں کی صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے اور صابن سے ہاتھ دھونے کی عادت کو فروغ دینے کے لئے ’’عالمی یومِ ہاتھ دھلائی ‘‘منایا گیا
عالمی یومِ ہاتھ دھلائی، صابن سے ہاتھ دھونے کی عادت اپنانے پر زور

مزید خبریں
راولپنڈی۔15اکتوبر (اے پی پی):ہاتھوں کی صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے اور صابن سے ہاتھ دھونے کی عادت کو فروغ دینے کے لئے ’’عالمی یومِ ہاتھ دھلائی ‘‘منایا گیا۔ عالمی ادار صحت اور یونیسف کے مطابق ہاتھوں کی باقاعدہ صفائی اسہال، سانس کی بیماریوں اور دیگر متعدی امراض سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہے۔ماہرینِ صحت کے مطابق کھانا تیار کرنے اور کھانے سے پہلے، بیت الخلا ء کے استعمال کے بعد اور کھانسنے یا چھینکنے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھونا ضروری ہے۔
ہاتھ دھوتے وقت ہتھیلیوں، ہاتھوں کی پشت، انگلیوں کے درمیان اور ناخنوں کے اطراف کی صفائی پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ماہرین نے کہا کہ بچوں میں صفائی کی عادت کو فروغ دینے اور تعلیمی اداروں میں صاف پانی اور صابن کی دستیابی یقینی بنانے سے بیماریوں کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ ہاتھوں کی صفائی کی معمولی سی عادت اپنا کر نہ صرف مختلف بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے بلکہ صحت مند معاشرے کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔







