ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نےشہر کے داخلی راستوں کی صفائی، خوبصورتی اور بحالی کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کردیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مہم کے پہلے مرحلہ میں ایبٹ آباد انٹرچینج سے فوارہ چوک تک کے علاقہ کو شامل کیا گیا ہے، جہاں متعلقہ محکموں کے اشتراک سے صفائی، مرمت اور تزئین و آرائش کے مختلف اقدامات کیے جائیں گے
ایبٹ آباد،ضلعی انتظامیہ نےشہر کے داخلی راستوں کی صفائی، خوبصورتی اور بحالی کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کردیا
مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نےشہر کے داخلی راستوں کی صفائی، خوبصورتی اور بحالی کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کردیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مہم کے پہلے مرحلہ میں ایبٹ آباد انٹرچینج سے فوارہ چوک تک کے علاقہ کو شامل کیا گیا ہے، جہاں متعلقہ محکموں کے اشتراک سے صفائی، مرمت اور تزئین و آرائش کے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔ واسا ایبٹ آباد، ٹی ایم اے اور لوکل گورنمنٹ کے صفائی عملہ کی جانب سے خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی، جس کے دوران شاہراہِ ریشم کے اطراف سے کوڑا کرکٹ اٹھانے اور کچرا جمع کرنے کے مقامات کو رہائشی آبادیوں سے دور مقررہ جگہوں پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔مہم کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے سڑکوں کے دونوں اطراف خراب حصوں کی مرمت اور پیچ ورک کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی میں بہتری لائی جا سکے۔
اس کے علاوہ مرکزی شاہراہ سے متصل دیواروں کی پینٹنگ اور تزئین و آرائش، بڑے نالوں کی صفائی، جمع شدہ تعمیراتی ملبے کی تلفی اور سڑکوں کے کناروں سمیت عوامی مقامات سے خودرو گھاس اور جھاڑیوں کی صفائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کا مقصد شہر کے اہم داخلی راستوں کو صاف ستھرا اور دیدہ زیب بنانے کے ساتھ شہری ماحول کو مزید بہتر بنانا ہے۔ پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے میں اس مہم کا دائرہ کار شہر کے دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت مقررہ اقدامات پر بروقت عمل درآمد یقینی بنائیں اور صفائی و خوبصورتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنے کے لیے مؤثر انتظامات کریں، تاکہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے وژن اور کمشنر ہزارہ ڈویژن کی ہدایات کے مطابق شہر کو صاف ستھرا، خوبصورت اور شہریوں کے لیے مزید بہتر بنایا جا سکے۔








