ملک دشمن قوتیں مختلف طریقوں سے انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر تی ہیں، افغان امن عمل کی کامیابی سے خطے میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا وزیراعظم عمران خان کا مہمند میں قبائلی عمائدین سے خطاب

مہمند۔ 28 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں مختلف طریقوں سے انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر تی ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ افغان امن عمل کامیابی سے دوچار ہو، افغان امن عمل کی کامیابی سے خطے میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مہمند میں قبائلی عمائدین سے …

مہمند۔ 28 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں مختلف طریقوں سے انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر تی ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ افغان امن عمل کامیابی سے دوچار ہو، افغان امن عمل کی کامیابی سے خطے میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مہمند میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نظریہ اور پالیسی سازی سے حکومت کی سمت کا تعین ہوتا ہے۔ مدینہ کی ریاست جن اصولوں پر کھڑی تھی وہی میرا نظریہ ہے۔ دنیا کی تاریخ کی پہلی فلاحی ریاست بنائی گئی جس میں بیواؤں، یتیموں، بزرگوں اور غریبوں کی فلاح و بہبود کی ذمہ داری تھی کہ کمزورطبقہ کو اوپر لائیں کیونکہ کمزور طبقہ کو مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ میں دنیا کی تاریخ کی پہلی اسلامی فلاحی ریاست بنائی گئی۔ بیواؤں، یتیموں، بزرگوں اور غریبوں کی فلاح و بہبود ریاست کی ذمہ داری تھی۔ قائد اعظم محمد علی جناح کا وژن بھی اسلامی فلاحی ریاست تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کمزور طبقہ کو اوپر اٹھائیں۔ اس حوالے سے پالیسیاں تشکیل دے کر عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قبائلی علاقوں اور پنجاب کے پسماند ہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ سے ووٹ لے کر آنے والی پارٹی کراچی کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کرتی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں لاہور سمیت بالائی پنجاب کے علاقوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی جبکہ دیگر علاقوں کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈ ز خرچ کریں گے۔ ہمارے اقتدار میں آنے سے پہلے تمام صوبوں نے این ایف سی ایوارڈ میں صرف تین فیصد قبائلی علاقوں کی ترقی کے لئے دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب صوبہ خیبر پختونخوا کے علاوہ دیگر صوبے وعدے کے مطابق فنڈز کی فراہمی کے لئے تیار نہیں ہیں۔ ہمارے دین میں وعدہ کی پاسداری پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبے کہتے ہیں کہ انہیں معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ درست ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پورے ملک کو معاشی مسائل کا سامنا ہے تاہم کوشش کریں گے کہ بلوچستان اور قبائلی علاقوں کو پورے فنڈز فراہم کئے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ان لوگوں سے رابطے میں ہیں جو قبائلی علاقوں کا خیبر پختونخوا میں انضمام نہیں چاہتے۔ وہ انتشار پھیلانے کی کوشش کریں گے۔ ان کو بیرون ملک سے فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ سمگلنگ میں ملک کو تباہ کر دیا ہے۔اس سے صنعت، معیشت اور برآمدات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ پاک افغان سرحد پر باڑ لگا دی ہے۔ اس سے نہ صرف سمگلنگ کی روک تھام بلکہ ملک دشمن عناصر کی آمد ورفت روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر مارکیٹیں کھول رہے ہیں۔ اس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات خوش آئند ہیں۔ ہم چاہتے ہیں افغان امن عمل کامیابی سے ہمکنار ہو تاہم بعض عناصر نہیں چاہتے کہ افغانستان میں امن آئے۔ افغانستان میں امن سے وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت قبائلی علاقوں کی ترقی کے لئے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ماضی میں ان علاقوں کو نظر انداز کیاگیا جن کی وجہ سے یہ علاقے غربت کا شکار ہوئے اور روزگار اور تعلیم میں پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ زیتون کا بہترین پیداواری علاقہ ہے۔ ان علاقوں میں زیتون کی کاشت کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔