اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):ملک سے پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سٹیٹ بینک اور پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جو لائی 2023 سے لیکر اپریل 2024 تک کی مدت میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو 248.081 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 32 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو 188.37 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا ۔
اپریل میں پھلوں کی برآمدات کاحجم 16.92 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 25.10 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اپریل میں 19.37 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں پھلوں کی برآمدات کاحجم 232.30 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو 347.32 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 149.43 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو 139.24 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا، اپریل میں سبزیوں کی برآمدات کاحجم 31.87 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مارچ میں 37.64 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اپریل میں 15.39 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو 172.12 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔