ملک میں انسولین کی قلت کی بات درست نہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کا انعقاد کیا جا رہاہے، ڈاکٹرندیم جان

137
ملک میں انسولین کی قلت کی بات درست نہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کا انعقاد کیا جا رہاہے، ڈاکٹرندیم جان
ملک میں انسولین کی قلت کی بات درست نہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کا انعقاد کیا جا رہاہے، ڈاکٹرندیم جان

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ میں پہلی مرتبہ 10 اور 11 جنوری کو گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کا انعقاد کر رہا ہے، یہ پبلک ہیلتھ کے شعبے میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگی۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر بہرہ مند تنگی، سینیٹر فوزیہ ارشد، سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر محسن عزیز اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایک انتہائی شعبہ ہے ہم اس کا پائیدار بنیادوں پہ حل چاہتے ہیں، جان بچانے والی ادویات کی ملک میں اتنی قلت نہیں جتنی بتائی جاتی ہے جو ادویات بھی کسی وجہ سے دستیاب نہیں ہوتیں ان کی کمی کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی جاتی ہے،

ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف حکومت کو براہ راست مالی معاونت فراہم نہیں کرتے ہم انہیں اپنی ڈیمانڈ دیتے جس کی بعد وہ طبی آلات اور دیگر سامان کی خود خریداری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ڈریپ میں لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے عمل کو ان لائن کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ ملک میں انسولین کی قلت ہے، اس سلسلے میں پبلک سروس میسجز کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے جو اقدامات نگران حکومت کر رہی ہے اگر آئندہ حکومت نے بھی انہیں جاری رکھا تو بہت سے مسائل میں کمی آ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چوبیس گھنٹے ایک ہیلپ لائن کام کر رہی ہے جو شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتی ہیں، ان شکایات کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جاتا ہے، ابھی تک 77 شکایات اس حوالے سے موصول ہوئی ہیں، ہم مانیٹرنگ کرنے کے علاوہ مارکیٹ سروے بھی کر رہے ہیں، مسائل زیادہ ہیں مگر اس کے باوجود ہم انہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔