ملک میں بجلی کی پیداوار میں رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں 1.8 فیصد اضافہ ریکارڈ

126
Nepra
Nepra

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):ملک میں بجلی کی پیداوار میں رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 1.8 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے ۔نیپرا اور عارف حبیب ریسرچ کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ملک میں 61258 گیگاواٹ آور ز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کےمقابلہ میں 1.8 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 60153 گیگاواٹ آور ز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔

نومبر میں ملک میں 7547 گیگاواٹ آور ز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جو اکتوبر کے مقابلے میں 21.2 فیصد اور گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں 9.8فیصدکم ہے۔ اکتوبر میں ملک میں 9572 اور گزشتہ سال نومبر میں 8367 گیگاواٹ آور ز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پن بجلی سے 22402 ، نیوکلیئر 9831، کوئلہ 6916، آر ایل این جی 10524، گیس 4747، درآمدی کوئلہ 2887، ہوا 2103، شمسی 364 اور فرنس آئل سے 1185 گیگاواٹ آور ز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔

رواں مالی سا ل کے پہلے 5 ماہ میں مجموعی بجلی کی پیداوار میں پانی سے بجلی کی پیداوار کی شرح 36.6فیصد، نیوکلیئر سے 16 فیصد،مقامی کوئلہ سے 11.3فیصد ، آر ایل این جی سے 17.2 فیصد ، گیس سے 7.7 فیصد ، درآمدی کوئلہ سے 4.7فیصد، ہوا سے 3.4 فیصد، شمسی توانائی سے 0.6 فیصد اور فرنس آئل سے 5.2فیصد بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی۔