ملک میں زرعی اراضی کو ریگولیٹ کرنے میں زرعی شعبے کو تحفظ فراہم کیا جائے گا ، نگراں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات محمد سمیع سعید کی زیرصدارت اجلاس

138

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے کہا ہے کہ زراعت ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر ر ہی ہے ،ملک میں زرعی اراضی کو ریگولیٹ کرنے میں زرعی شعبے کو تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان میں زرعی اراضی کی ہائوسنگ سوسائٹیوں اور ریگولیٹری کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

نگراں وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی محمد سمیع سعید نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ زرعی اراضی کو ریگولیٹ کرنے میں پیش پیش رہیں تاکہ زرعی شعبے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ یہ اجلاس شہری ترقی کے لیے زرعی اراضی کے استعمال سے متعلق خدشات کا جائزہ لینے اور ان کو دور کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا اور اس میں سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیر نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت میں بنیادی محرک ہے اور اس کا تیزی سے شہری/ہائوسنگ سوسائٹیوں میں تبدیل ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔

وزیر نے صوبائی حکومتوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ زرعی اراضی کی شہر کاری کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ایک روڈ میپ کی تشکیل میں وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں جو لوگوں کی خوراک اور رہائش میں مستقبل کی ضرورت سے ہم آہنگ ہو۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ضلعی سطح پرڈیلیوری ایبلز اور پیرامیٹرز تیار کریں اور ایک ماسٹر پلان ہونا چاہیے جو ان پیرامیٹرز کی بنیاد پر زرعی اراضی کو ہائوسنگ سوسائٹیوں میں تبدیل کرنے کا انتظام کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قواعد و ضوابط کے موجودہ فریم ورک کے تحت اس منصوبے پر عملدرآمد اور نفاذ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس حکمت عملی کو کامیابی سے نافذ کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔